منہاج القرآن آئرلینڈ کے زیراہتمام ماہانہ درود و سلام اور استقبال رمضان کی محفل کا انعقاد

مورخہ: 05 مئی 2019ء

لمرک آئرلینڈ۔ ۔ ۔ فرخ وسیم بٹ۔ ۔ ۔ تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے زیراہتمام آئرلینڈ کے شہر لمرک میں ماہانہ درودوسلام اور استقبال رمضان کے سلسلہ میں ایک روحانی محفل کا انعقاد کیا گیا جس میں منہاج القرآن آئرلینڈ کے رفقاء و اراکین اور دیگر تنظیمات کے قائدین کے علاوہ برطانیہ سے تشریف لائے ہوئے حضرت صوفی برکت علی رحمۃ اللہ کے مقررکردہ بین الاقوامی امیر حضرت خواجہ مستنیر احمد نے اپنے احباب کے ہمراہ خصوصی طور پر شرکت کی جن میں سید سرفراز شاہ اور علی اکبر شامل تھے۔ ارسلان مجید، میاں عبدالقدیر، فیاض احمد، نعیم اشرف، حافظ گل نواز، راجہ خرم شہزاد، کاشف جاوید، عمران صدیقی، شاہد محمود، محمد اکرام اور وسیم بٹ بھی محفل میں خصوصی طور پر شریک ہوئے۔

محفل کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جس کی سعادت حافظ گل نواز نے حاصل کی حضور نبی اکرم ؐ کی بارگاہ اقدس میں گلہائے عقیدت کاشف جاوید۔ عمران صدیقی اور وسیم بٹ نے پیش کیے جبکہ نظامت کے فرائض منہاج القرآن آئرلینڈ کے میڈیا سیکرٹری فیاض احمد نے ادا کیے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تصنیف المنہاج السوی سے درود پاک اور رمضان کے روزوں کی اہمیت پر درس بھی دیا گیا۔

حضرت خواجہ مستنیر احمد نے اطاعت الٰہی اور اتباع رسول ؐ پر خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اطاعت الہی یہ ہے کہ بندہ خود کو فرمان الٰہی کے مطابق ڈھال لے، زندگی کے جملہ امور امر ایزدی کے تابع کر دے اور ہر اعتبار سے اللہ کا مطیع و فرمانبردار ہو جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آج اگر امت مسلمہ اپنا کھویا ہوا وقار پھر سے حاصل کرنا چاہتی ہے تو اسے قرآن اور صاحب قرآن کی تعلیمات پر عمل کرنا ہوگا کیونکہ قرآن ہی امت مسلمہ کے لئے رشد و ہدایت کا سرچشمہ ہے اور ہمیں اپنا سر تسلیم حکم خداوندی اور اتباع رسول ؐ کے سامنے جھکانا ہوگا۔ آپ نے اپنے خطاب کے بعد قلب و روح کی کھیتیوں کو عشق الہی اور عشق رسول ؐ کے ذکر سے سیراب بھی کیا جس سے دوران ذکر کئی آنکھیں اشکبار بھی ہوئی آخر میں حضور نبی اکرم ؐ کی بارگاہ اقدس میں درود و سلام کا نذرانہ بھی پیش کیا گیا تمام عالم اسلام پاکستان کی ترقی اور خوشحالی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحت و تندرستی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی اور حاضرین کی تواضح مصطفوی ؐ لنگر سے کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top