پرعزم فوج، عوام اور علمائے کرام مل کر دہشتگردوں کو نشان عبرت بنائینگے: قرارداد

مورخہ: 09 مئی 2019ء

مٹھی بھر دہشتگرد بیرونی ایجنسیوں کے آلہ کار اور تنخواہ دار ہیں: علماء
منہاج القرآن علماء کونسل کے اجلاس میں داتا دربار دہشتگردی کی مذمت کی گئی
اجلاس میں مختلف مدارس کے مہتتم، علمائے کرام و مذہبی سکالرز شریک ہوئے

Minhaj ul Quran Ulama Council Condemns terrorist attack outside Data Darbar Lahore

لاہور (9 مئی 2019ء) منہاج القرآن علماء کونسل کا ہنگامی اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ منہاج القرآن میں منعقد ہوا، اجلاس میں شریک مختلف مدارس کے مہتتم علمائے کرام و مذہبی سکالرز شریک ہوئے اور ایک متفقہ قرارداد کے ذریعے داتا دربار دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا گیا، علمائے کرام نے متفقہ قرارداد میں اس بات کا عہد کیا کہ پرعزم فوج، جراَت مند عوام اور امن پسند علمائے کرام مل کر دہشت گردوں کو نشان عبرت بنائیں گے، اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ دہشت گردی کے خاتمے کی جنگ اور قیام امن کی جدوجہد میں علمائے کرام افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہیں۔

اجلاس میں علامہ میر آصف اکبر، علامہ امداد اللہ قادری، علامہ غلام اصغر صدیقی، علامہ غلام مصطفی، مفتی خلیل احمد حنفی، سید امداد حسین شاہ، علامہ محمد حنیف صدیقی، علامہ عبدالخالق باروی، علامہ پیر سید اشفاق حسین، علامہ عرفان اللہ، علامہ عثمان سیالوی، مولانا یونس سعیدی، علامہ عامر چشتی، قاری فاروق الحق، مولانا اقبال نورانی، مولانا رب نواز شریک تھے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میر آصف اکبر نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کی رفتار کو تیز کیا جائے، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے فوجی عدالتوں کو توسیع ملنی چاہیے، جب سے فوجی عدالتوں میں دہشتگردی کے کیسز پر سماعت رکی ہے دہشتگردی کے واقعات میں شدت آگئی ہے، خارجی عناصر اولیائے اللہ کے مزارات کو ٹارگٹ کر کے وطن عزیز میں فرقہ واریت کو ہوادینا چاہتے ہیں، دہشت گرد بیرونی ایجنسیوں کے آلہ کار اور تنخواہ دار ہیں اور پیسے کے لالچ میں کٹھ پتلی بنے ہوئے ہیں، دہشتگرد اور ان کے ہمدرد یاد رکھیں 70ہزار قربانیوں کے بعد بھی اگر پاکستان کے عوام نہیں جھکے تو مزید بزدلانہ حملے ہمارے حوصلوں کو کمزور نہیں کر سکتے، انہوں نے کہا کہ تمام مسالک اور مذاہب پاکستان کے امن، استحکام، خوشحالی اور دفاع کیلئے یکجان ہو جائیں، دشمن فرقہ واریت پھیلا کر مذموم مقاصد کی تکمیل چاہتا ہے۔

اجلاس میں قائد منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو دہشت گردی اور خودکش دھماکوں کے خلاف فتویٰ دینے پر مبارکباد دی گئی۔ علمائے کرام نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے قرآن و سنت کی روشنی میں دہشت گردی اور خودکش دھماکوں کو حرام قرار دے کر خارجی فکر کو ننگا کیا، اس فتویٰ کے ہوتے ہوئے کوئی امن کا دشمن اور بیرونی قوتوں کا ایجنٹ اسلام پر انتہا پسندی کا داغ نہیں لگا سکتا اور نہ ہی ہمارے بچوں کو گمراہ کر سکتا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top