شہر اعتکاف 2019: اللہ ہر بندے کا ولی، ہر بندہ اللہ کا ولی نہیں ہوتا: ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 27 مئی 2019ء

کھدائی کے بغیر تیل نہیں ملتا، بغیر محنت کے اللہ کی قربت کا خزانہ کیسے مل سکتا ہے
اعتکاف منہاج القرآن کی تجدیدی تحریک کا نیوکلیس ہے:قائد منہاج القرآن
قائد تحریک منہاج القرآن نے ہزاروں معتکفین کو شہر اعتکاف میں خوش آمدید کہا

Dr Tahir ul Qadri addresses Mutakifeen

لاہور (27 مئی 2019ء) قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے لندن سے ویڈیو لنک پر شہر اعتکاف میں ہزاروں مرد و خواتین معتکفین، معتکفات سے پہلے روز ایمان، یقین اور تقویٰ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ ہربندے کا ولی ہوتا ہے مگر ہر بندہ اللہ کا ولی نہیں ہوتا، کھدائی کے بغیر تیل، گیس، معدنیات کے خزانے نہیں ملتے، بغیر محنت کے اللہ کی قربت کے احساس کا خزانہ کیسے مل سکتا ہے، اعتکاف منہاج القرآن کی تعلیمی، تربیتی، روحانی، تجدیدی اور احیائے اسلام کی عالمگیر تحریک کا نیوکلیس ہے۔ قائد منہاج القرآن نے ہزاروں معتکفین اور معتکفات کو شہر اعتکاف میں خوش آمدید کہا۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ کسی بھی اہل ایمان کی محنت کا مرکز و محور اللہ کی خوشنودی کا حصول ہوتا ہے، نفس اور دنیاوی خواہشات بندے کو اللہ کی قربت کے احساس سے محروم کرتی ہیں اورنفس بندے کا رخ اللہ کی بجائے دنیاوی خواہشات کی طرف موڑ دیتا ہے، ان شہوات میں مال وزر، اولاد، حسب نسب، اقتدار، بڑی دکانداری، بڑی صنعتکاری، بڑی جاگیرداری اور جائز، ناجائز طریقے سے طاقت کا حصول شامل ہے۔ خواہشات جب دل، دماغ میں جم جائیں تو وہ محبت میں تبدیل ہو جاتی ہیں، محبت مثبت بھی ہوتی ہے اور منفی بھی، اگر ایمان، کردار، صداقت دل میں جم جائے تو یہ احساسات اللہ سے جوڑ دیتے ہیں اور اگر مال و زر کی محبت دل میں جم جائے تو وہ گمراہی کی طرف لے جاتی ہے اور پھر انسان کا آسانی کے ساتھ ان خواہشات سے چھٹکارا ممکن نہیں رہتا، اس کے لیے محنت کی ضرورت ہے، نماز، روزہ، حج، زکوۃ، انسانیت سے محبت یہ وہ اعمال اور افعال ہیں جو دنیا کو دل کی آماجگاہ بننے سے روکتے ہیں۔ جب انسان جسمانی ضروریات اور خواہشات سے بالاتر ہو کر اپنے باطن میں جھانکتا ہے تو اسے اللہ کی قربت کا احساس ملتا ہے، جسم پانی، مٹی، آگ کے اجزاء کا مرکب ہے جبکہ روح نور اور روشنی ہے، روح کو اس کی غذا ملے گی تو وہ توانا ہو گی، ہم روح کی غذا کو نظر انداز کر دیتے ہیں اور جسم کی غذا پر توجہ مرکوز کر دیتے ہیں اور نتیجہ بھی ہلاکت کی صورت میں نکلتا ہے۔

اس موقع پر چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، خرم نواز گنڈاپور، مفتی عبدالقیوم ہزاروی، علماء کونسل، یوتھ لیگ، ایم ایس ایم کے ہزاروں کارکنان اور عہدیدار بھی موجود تھے۔

Minhaj ul Quran Itikaf City 2019

Minhaj ul Quran Itikaf City 2019

خرم نواز گنڈاپور نے شرکائے اعتکاف کو خوش آمدید کہا، انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن نے اجتماعی اعتکاف کے تصور کو تعلیم و تربیت کا گہوارہ بنا دیا ہے اور شہر اعتکاف برادرانہ اخوت کے اظہار کا ایک مثالی پلیٹ فارم بن چکا ہے، شہر اعتکاف میں تعلیم و تربیت کا سلسلہ جاری ہے۔

مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی نے نماز عصر کے بعد فقہی نشست سے خطاب کیا، اس کے علاوہ اعتکاف کے آداب کے حوالے سے انجینئر محمد رفیق نجم نے خطاب کیا، ڈاکٹر طاہرالقادری آج حجۃ الاسلام امام محمد غزالی کی کتاب بدایۃ الہدایہ پر گفتگو کریں گے۔

Fiqhi Class in Itikaf City Minhaj ul Quran

دوسری طرف خواتین کے اعتکاف میں خواتین سکالرز نے اصلاح احوال کے موضوعات پر لیکچرز دئیے اور اعتکاف کی اہمیت اور افادیت پر روشنی ڈالی، مرکزی صدر ویمن لیگ فرح ناز، سدرہ کرامت، عائشہ مبشر، ام حبیبہ اسماعیل و دیگر خواتین رہنماؤں نے معتکفات کو خوش آمدید کہا، امسال بچے بھی بڑی تعداد میں اعتکاف گاہ کا حصہ ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top