صوبائی وزراء راجہ یاسر ہمایوں اور سید سعید الحسن شاہ کی شہر اعتکاف آمد

مورخہ: 31 مئی 2019ء

’’ان کو دل میں بسا لیا ہم نے، دل مدینہ بنالیا ہم نے‘‘
وزیر مذہبی امور نے نعت رسول مقبول پیش کی اورشب معتکفین کے ہمراہ گزاری
صوبائی وزیر ہائرایجوکیشن نے شہر اعتکاف اور سیل سنٹر کا دورہ کیا، کتب خریدیں
وزراء کو ڈاکٹر حسن محی الدین، ڈاکٹر حسین محی الدین، خرم نواز گنڈاپور نے خوش آمدید کہا

لاہور(31 مئی 2019)صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں اور صوبائی وزیر مذہبی امور صاحبزادہ سید سعید الحسن شاہ نے منہاج القرآن کے شہر اعتکاف کا دورہ کیا، صوبائی وزیر مذہبی امور نے انتہائی خوبصورت آواز میں ہزاروں معتکفین کے سامنے نعت رسول مقبول پیش کی جس کے الفاظ تھے ’’ان کو دل میں بسا لیا ہم نے، دل مدینہ بنالیا ہم نے‘‘ اس پر معتکفین نے والہانہ داد دی، صوبائی وزیر نے معتکفین کے ہمراہ شب بیداری کی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا سحری تک خطاب سنا، ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے نعت رسول مقبول پڑھنے پر انہیں داد دی۔

معتکفین سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری امت کی اصلاح کررہے ہیں، ان کا کوئی جوڑ ہے نہ توڑ، انہوں نے منہاج القرآن کی دین اسلام کیلئے خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔

صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن پنجاب راجہ یاسر ہمایوں نے بھی شہر اعتکاف کا دورہ کیا، اعتکاف گاہ آمد پر چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، خرم نواز گنڈاپور و دیگر رہنماءوں نے شہر اعتکاف میں انہیں خوش آمدید کہا، صوبائی وزیر نے روزہ معتکفین کے ہمراہ افطار کیا، صوبائی وزیر شہر اعتکاف میں قائم ڈاکٹر محمدطاہرالقادری کی کتب کے سیل سنٹر پر بھی گئے اور انہوں نے کتب خریدیں۔ صوبائی وزیر نے ہزاروں معتکفین کیلئے کیے گئے مثالی انتظامات پر مبارکباد بھی دی۔

دریں اثناء منہاج القرآن کے شہر اعتکاف میں ایران سے آئے ہوئے قراَ حضرات نے انتہائی خوبصورت آواز میں قرآن پاک کی تلاوت کی اورسماں باندھ دیا، ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے بھی قراَ کی تلاوت کو ویڈیو لنک پر سنا اور داد دیتے ہوئے کہا کہ یہ پہلی دفعہ میں نے دیکھا کہ چند قراَ حضرات مل کرتلاوت کررہے ہیں اور یہ ایک خوبصورت منظر ہے۔

دریں اثناء منہاج القرآن کے شہر اعتکاف میں ویمن لیگ کے زیر اہتمام منعقدہ اعتکاف گاہ سے چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے تربیتی نشست سے خطاب کیا، انہوں نے کہا کہ سب سے بڑا گناہ یہ ہے کہ بندہ اللہ سے بخشش کی امید رکھے مگر مغفرت کیلئے اس کی دہلیز پر نہ جائے۔ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے سنٹرل پنجاب کے اضلاع سے آئے ہوئے معتکفین سے مسجد کے احاطہ میں فلسفہ توبہ پر خطاب کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top