شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خصوصی دعا کیساتھ شہراعتکاف کا اختتام، عید کی مبارکباد
تحریک منہاج القرآن کا شہراعتکاف شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خصوصی دعا کیساتھ اختتام پزیر ہو گیا۔ اختتامی دعائیہ نشست 29 رمضان المبارک 4 جون 2019ء کو نماز مغرب کے بعد منعقد ہوئی، جس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے لندن سے ویڈیو لنک پر رقت امیز دعا کرائی۔ اس موقع پر ملک پاکستان کی سلامتی و ترقی، قیام امن، بھائی چارہ، یکجہتی اور فروغ دین و ملت کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئی۔ عالم اسلام کی ترقی و سلامتی اور عالمی قیام امن کے لیے بھی خصوصی دعا ہوئی۔ اختتامی دعا میں شریک ہزاروں معتکفین اشکبار تھے جو گڑگڑا کر اپنے گناہوں کی معافی مانگ رہے تھے۔ آخر میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے شہراعتکاف میں جملہ معتکفین و معتکفات، اہلِ وطن اور امتِ مسلمہ کو عیدالفطر کی مبارکباد بھی دی۔
اس موقع پر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خصوصی شرکت کی جبکہ خرم نواز گنڈاپور، مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، جواد حامد، راجہ زاہد محمود، انجینئر نجم رفیق، نوراللہ صدیقی اور دیگر مرکزی قائدین نے بھی دعائیہ نشست میں خصوصی شرکت کی۔
شہراعتکاف میں موجود ہزاروں معتکفین نے شرکت کی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے 10 روزہ دروس تصوف اور خطابات سنے۔ شہراعتکاف میں ہزاروں مردوں کیساتھ عورتوں نے الگ شرکت کی جبکہ بچوں کے لیے کڈز شہراعتکاف بھی قائم کیا گیا تھا، جس میں سینکڑوں بچے بھی شریک ہوئے۔
اختتامی نشست میں چاند نظر آنے اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خصوصی دعا کے بعد معتکفین قافلوں کی شکل میں اپنے اپنے علاقوں کی طرف روانہ ہو گئے، جن کے لیے باقاعدہ ٹرانسپورٹ کا انتظام پہلے سے کیا گیا تھا۔
منتظمین کو مبارکباد
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے شہرِ اعتکاف میں بہترین اور شاندار انتظامات پر سیکرٹری شہرِ اعتکاف جواد حامد، سربراہ اعتکاف کمیٹی ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، ان کی پوری ٹیم اور جملہ منتظمین کو خصوصی مبارکباد بھی دی۔
تبصرہ