منہاج سکول آف اسلامک سائنسز ڈنمارک کے زیراہتمام سالانہ محفل قرات و روزہ کشائی
منہاج سکول آف اسلامک سائنسز ڈنمارک کے زیراہتمام ہر سال رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں طلبہ و طالبات اور بچوں کی حوصلہ افزائی کے لئے محفل قرآت کا اہتمام کیا جاتا ہے، جس کے دو بنیادی مقاصد ہوتے ہیں، پہلا یہ کہ شعبہ حفظ و ناظرہ کے پلیٹ فارم پر تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کے مابین قرات و تجوید کا شوق پیدا کیا جائے جبکہ دوسرا مقصد پہلی بار روزہ رکھنے والے بچوں کی حوصلہ افزائی کے ذریعہ سے ان میں اسلامی تعلیمات پر عمل کرنے کا جذبہ پیدا کیا جائے۔ اس تقریب کے ذریعے بچوں کو انعامات دیے جاتے ہیں اور ان کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ بچوں کے والدین کو مبارکباد بھی پیش کی جاتی ہے، جس سے دیکھنے میں آیا ہے کہ ہر سال بچوں میں روزہ رکھنے کا شوق بڑھتا جا رہا ہے۔
اس سال بھی منہاج سکول آف اسلامک سائنسز ڈنمارک نے رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں مورخہ 30 مئی 2019 کو محفل قرآت کا اہتمام کیا، جس کا آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا۔ سکول کے شعبہ حفظ کے طلبہ و طالبات نے انفرادی اور اجتماعی طور پر تلاوت کی۔ بچوں نے اردو، ڈینش اور انگلش زبانوں میں تقریریں کیں۔ اور روزہ اور رمضان کی فضیلت پر طلبہ و طالبات کے ایک گروپ نے مکالمہ بھی پیش کیا۔
تقریب کی نظامت کے فرائض پرنسپل منہاج سکول اسلامک سائنس ڈنمارک، علامہ حافظ محمد ادریس الازھری نے سر انجام دیے۔ طلبہ و طالبات کی کارکردگی بہت حوصلہ افزا تھی۔ تیاری میں ٹیچرز کی محنت کا رنگ واضح طور پر نظر آرہا تھا۔ اس کے بعد پہلی بار روزہ رکھنے والے بچوں کو باری باری سٹیج پر بلا کر ان کو اور ان کے والدین کو مبارک باد دی گئی اور ان کو کو گفٹ پیش کیا گیا۔
تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے ڈائریکٹر منہاج ایجوکیشن بورڈ ڈنمارک مفتی ارشاد حسین سعیدی نے پہلی بار روزہ رکھنے والے بچوں اور ان کے والدین کے دینی جذبے کو سراہا۔ تلاوت، نعت تقریریں اور مکالمہ پیش کرنے والے طلبہ و طالبات، ان کے اساتذہ اور والدین کو مبارکباد پیش کی اور خصوصی طور پر پرنسپل صاحب اور معلمین و معلمات کو منظم تقریب کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔
تقریب میں منہاج ایجوکیشن بورڈ ڈنمارک کے ممبران کے علاوہ MQI ڈنمارک کے قائدین نے خصوصی شرکت کی جن میں شیخ اشفاق احمد، سید محمود شاہ، ڈاکٹر عرفان ظہور احمد، حافظ سجاد احمد، شاہنواز اپل، عامر فاروق، علی عمران کے علاوہ اساتذہ، معلمات، والدین اور کمیونٹی کے دیگر افراد نے خصوصی شرکت کی۔ پروگرام کے اختتام پر شرکاء اور طلباء و طالبات کو کو افطار ڈنر پیش کیا گیا۔
رپورٹ : سجاد احمد ساھی (انفارمیشن سیکرٹری منہاج ایجوکیشن بورڈ ڈنمارک)
تبصرہ