منہاج القرآن، عوامی تحریک کے رہنماؤں کی شہدائے ماڈل ٹاؤن کی قبروں پر فاتحہ خوانی و دعائیہ تقاریب

مورخہ: 16 جون 2019ء

سانحہ ماڈل ٹاؤن کے 5 سال مکمل ہونے پر پاکستان عوامی تحریک و تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام لاہور سمیت ملک بھر میں 300 سے زائد مقامات پر شہداء کیلئے قرآن خوانی کی گئی، 17 جون سانحہ ماڈل ٹاؤن کو پانچ سال مکمل ہونے پر حکومتی بربریت اور سفاکانہ کارروائیوں میں شہید ہونے والے جوانوں، خواتین، معصوم بچوں اور بزرگوں کے ساتھ اظہار عقیدت و محبت کیلئے شہر شہر تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ دعائیہ تقاریب میں خواتین، بچوں اور بزرگوں نے پھول، کتبے اور بینرز اٹھا کر شہداء کے ساتھ اظہار عقیدت و محبت اور انصاف کا مطالبہ کیا۔

پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید کی قیادت میں پی اے ٹی اور منہاج القرآن کے مرکزی، صوبائی، ضلعی قائدین و کارکنان پر مشتمل وفد نے لاہور میں 6 شہدائے ماڈل ٹاؤن کی قبروں پر حاضری دی، پھولوں کی چادریں چڑھائیں، فاتحہ خوانی کی۔

وفد نے شہداء کے ورثاء کے گھر جا کر اظہار یکجہتی کیا، شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور یہ پیغام دیا کہ پوری تحریک شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ساتھ کھڑی ہے، شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، شہدائے ماڈل ٹاؤن نے ظلم کے نظام کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

عوامی تحریک اور منہاج القرآن کے رہنماؤں نے لاہور میں 17 جون سانحہ ماڈل ٹاؤن میں شہید ہونے والی تنزیلہ امجد اور شازیہ مرتضیٰ کی قبروں پرحاضری دی، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ شہداء کا خون قرض، آخری سانس تک انصاف مانگیں گے، ظالم حکمرانوں نے خواتین کے چہروں پر گولیاں برسا کر انہیں شہید کر کے بزدلی کی شرمناک تاریخ رقم کی، ماڈل ٹاؤن میں ظالم حکمرانوں نے اپنے ہی شہریوں کا خون بہایا، 5سال گزر گئے انصاف نہیں ملا، شہدائے ماڈل ٹاؤن ہمارا فخر ہیں، انصاف کے حصول تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

وفد نے عاصم حسین شہید، غلام رسول شہید، صوفی محمد اقبال شہید، عمر صدیق شہید کی قبروں پر بھی حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔

شہداء کے لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک نے اپنے شہداء کو یاد رکھا ہے او ران کی قربانیوں کو فخر کا تاج سمجھتے ہیں، شریف برادران نے اپنا اقتدار اور لوٹی دولت بچانے کیلئے ماڈل ٹاؤن میں بے گناہوں کا ٰخون بہایا، شریف خاندان کو ماڈل ٹاؤن میں بہنے والے خون کے قطرے قطرے کا حساب دینا ہو گا۔

منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں قائم یادگار شہداء پر بھی دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، عوامی تحریک اور منہاج القرآن کے مرکزی رہنماؤں و کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی، شہداء کی یادگار پر پھولوں کے نذرانے پیش کیے گئے، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کی پانچویں برسی کے موقع پر مرکزی تقریب 17 جون کو دوپہر 2 بجے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہو گی، قائد منہاج القرآن ڈاکٹر طاہرالقادری خصوصی خطاب و آئندہ کے لاءحہ عمل کا اعلان کرینگے۔

دعائیہ تقاریب میں چودھری محمد افضل گجر، اشتیاق حنیف مغل، حاجی فرخ، انجینئر ثناء اللہ خان، اخلاق حسین، محمد اصغر ساجد، میاں محمد حنیف، چودھری اقبال، مرزاندیم بیگ، میاں ممتاز حسین، رمضان ایوبی، محمد حسیب، شفاقت علی مغل، راجہ محمد عزیز، علامہ غلام اصغر صدیقی، مفتی خلیل حنفی، طارق الطاف سمیت دیگر رہنماؤن نے شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top