منہاج القرآن لاہور کی ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس، ضلعی عہدیداران کی شرکت

مورخہ: 29 جون 2019ء

اجلاس میں تنظیم سازی، عوامی رابطہ مہم، پی پی تنظیمات کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا
ماڈل ٹاؤن کے شہید اور زخمی ہمارا فخر اور قیمتی اثاثہ ہیں، انصاف کے حصول تک قانونی جنگ جاری رہے گی:حافظ غلام فرید
مجلس ختم الصلوۃ علی النبی ﷺ کی ماہانہ تقریب 6 جولائی ہفتے کو مرکزی سیکرٹریٹ میں ہو گی:اشتیاق حنیف مغل

لاہور (29 جون 2019) تحریک منہاج القرآن لاہور کی ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس امیر لاہور حافظ غلام فرید کی صدارت میں ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا، اجلاس میں لاہور تنظیم کے جملہ عہدیداران نے شرکت کی، اجلاس میں تحریک منہاج القرآن لاہور کی تنظیم سازی، عوامی رابطہ مہم، پی پی تنظیمات کی کارکردگی اور آئندہ کے اہداف کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ غلام فرید نے کہا کہ لاہور کے پی پی سطح کے عہدیداران عوامی رابطہ مہم میں تیزی لائیں، تنظیم سازی کو مکمل کیا جائے اور قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا پیغام ہر گھر تک پہنچایا جائے، اجلاس میں دروس عرفان القرآن کو مزید منظم کرنے اور وسعت دینے کے حوالے سے بھی تجاویز دی گئیں۔

حافظ غلام فرید نے کہا کہ منہاج القرآن لاہور کے موبائل میڈیکل یونٹ کو لاہور کے پسماندہ علاقوں میں غریب اور مستحق افراد کے علاج کیلئے مزید متحرک کیا جائے، انہوں نے کہا کہ موبائل میڈیکل یونٹ سے اب تک لاہور کے پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں ضرورت مند افراد مستفید ہو چکے ہیں، انہوں نے صدر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن لاہور ثناء اللہ خان او ران کی ٹیم کی میڈیکل یونٹ کے حوالے سے شاندار کارکردگی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ لاہور تنظیم کے عہدیداران، کارکنان عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں محنت اور جانفشانی میں تیزی لائیں، محنت اور لگن کا کوئی متبادل نہیں، منہاج القرآن کے کارکنان قیمتی اثاثہ اور ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، مزید محنت اور کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے کارکنان ملکی استحکام کیلئے جان و مال کی بے دریغ قربانیاں دینے کے جذبے سے کل بھی سرشار تھے اور آج بھی ان کے جذبوں میں کوئی کمی نہیں آئی۔ ماڈل ٹاؤن کے شہید اور زخمی ہمارا فخر اور اثاثہ ہیں، شہدائے ماڈل ٹاؤن کے انصاف کیلئے قانونی جنگ زندگی کی آخری سانس تک جاری رہے گی۔ سابق حکمران بے گناہوں کے قاتل اور 20 کروڑ عوام کے چور ہیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ناظم لاہور اشتیاق حنیف مغل نے کہا کہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی ﷺ کی ماہانہ تقریب 6 جولائی ہفتے کو بعد نماز عشاء مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہو گی۔ تقریب میں مشائخ عظام، جید علمائے کرام، معروف نعت خوان شرکت کرینگے۔ اجلاس میں محمد حنیف قادری، چودھری محمد اقبال، محمد اصغر ساجد، مرزا ندیم بیگ، حفیظ اللہ جاوید، انجینئر ثناء اللہ خان، خالد سعید غنی، میاں ممتاز حسین، اصغر علی ناز سمیت رہنماؤں نے شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top