منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ہلال احمر پاکستان کی تقریب، درجنوں کارکنان نے خون کے عطیات دیئے

ہلال احمر پاکستان اور منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مشترکہ تعاون سے مرکزی سیکرٹریٹ میں بلڈ کیمپ کااہتمام کیا گیا جس میں منہاج القرآن کے درجنوں کارکنان اور کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے طلباء نے خون کے عطیات دئیے، اس حوالے سے منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہلال احمر کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ نے کہا کہ تھلیسمیا کے ساڑھے پانچ سو بچے رجسٹرڈ ہیں، ایک کی جان بچانا انسانیت کی جان بچانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری اور ادارہ منہاج القرآن پوری دنیا میں انسانیت کی خدمت انجام دے رہے ہیں ہم ان کے عظیم انسانی کام میں ساتھ ہیں، منہاج القرآن کے تعاون سے بلڈ بینک کے قیام پر بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، جواد حامد، غسان جواد کے شکر گزار ہیں، خون دینے سے انسانی صحت پر کوئی مضر اثرات مرتب نہیں ہوتے، تھلیسمیا کے علاج اور روک تھام کے لئے پنجاب اسمبلی میں قانون سازی کی تجویز دے رکھی ہے، ہم اپنے جذبہ ایثار سے بیماریوں کو شکست دیں گے۔

ڈاکٹر نورالزمان نے کہا کہ پوری دنیا میں سب سے زیادہ ایکسیڈنٹ ہوتے ہیں، حادثات میں زیادہ تر اموات زیادہ خون بہہ جانے سے ہوتی ہیں، کوئی شخص سال میں چار بار خون دے سکتا ہے، تھلیسمیا کے مریض صرف خون ملنے سے زندہ رہتے ہیں، خون دینا ایک طرح کی جسم کی زکوۃ ہے، ہلال احمر ہروقت خدمت کے لیے دستیاب ہے۔

بریگیڈیئر ریٹائرڈ اقبال احمد خاں نے کہا کہ منہاج القرآن کے تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلبا خون دینے کی انسانی خدمت سے ناصرف آگاہ ہیں بلکہ وہ اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ بھی لیتے ہیں اور منہاج القرآن کے پلیٹ فارم بلڈ کیمپس منعقد ہوتے رہتے ہیں۔ ہر نوجوان بلڈ سکریننگ کروائے اور اسے اپنے بلڈ گروپ کا علم ہونا چاہیے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top