تاجر ملکی معیشت کے استحکام کےلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، خرم نواز گنڈاپور

ملک کو معاشی چیلنجز کا سامنا ہے، جدید ٹیکنالوجی میں ترقی عصر حاضر کی ضرورت ہے: سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
تاجروں کی خدمت کا جذبہ رکھتے ہیں، جدوجہد تاجر برادری کے مسائل کے حل کےلئے ہے: حاجی محمد اسحق
ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تعلیمی و فلاحی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں: تاجر رہنما
صنعتکاروں اور تاجر رہنماؤں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو، وفد نے منہاج القرآن سیکرٹریٹ کا وزٹ کیا

Khurram Nawaz Gandapur

لاہور (28 جولائی 2019ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ تاجر ملکی معیشت کے استحکام کےلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ملک کو شدید معاشی چیلنجز کا سامنا ہے جنکا مقابلہ کرنے کےلئے جدید ٹیکنالوجی میں ترقی عصر حاضر کی اشد ضرورت ہے۔ ترقی یافتہ ممالک کی جدیدٹیکنالوجی تک رسائی حاصل کرنے کےلئے نجی شعبہ سے تعاون اور عملی مدد کےلئے کوئی آسان لاءحہ عمل ترتیب دینا ہو گا۔ پاکستان میں ریسرچ اور ڈویلپمنٹ کے شعبہ میں بھی کمی محسوس ہوتی ہے۔ صنعتکاروں اور تاجروں کو مشورہ ہے کہ وہ تجارت کے فروغ کےلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال یقینی بنائیں، اس سے پاکستانی کمپنیوں کی تکنیکی صلاحیتیں نکھریں گی، پیداواری صلاحیتوں میں بھرپور اضافہ ہو گا۔ حکومت کوصنعتکاروں اور تاجروں کے مسائل کے حل پو خصوصی توجہ دینا ہو گی تاکہ تاجر برادری پر سکون اور باوقار ماحول میں اپنے کاروباری امور کو آگے بڑھا سکے۔ ملکی، معیشت کو بھنور سے نکالنے کےلئے تاجر برادری نے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں صنعتکاروں اورتاجر رہنماؤں کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سینئر نائب صدر بزنس مین فرنٹ سردارعثمان غنی کی قیادت میں آئے وفد میں مسعود عالم بٹ، طاہر ملک، محمد مبشرو دیگر شامل تھے۔ جبکہ اس موقع پر عوامی تاجر اتحاد کے چئیرمین حاجی محمد اسحق، شہزاد رسول، راشد چوہدری، امتیاز اعوان بھی موجود تھے۔

خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ملک میں موجود قدرتی وسائل سے فائدہ اٹھانے اور پیداواری صلاحیتیں بڑھانے کےلئے جامع اور عملی پالیسیاں مرتب کرنے کی ضرورت ہے۔ چیئرمین عوامی تاجر اتحاد حاجی محمد اسحق نے کہا کہ عوامی تاجر اتحاد نے ہمیشہ تاجروں کے جائز مسائل کے حل کےلئے آواز اٹھائی ہے۔ تاجروں کی خدمت کا جذبہ رکھتے ہیں ہماری جدوجہد تاجر برادری کے مسائل کے حل کےلئے ہے۔ انہوں نے وفد کو تحریک منہاج القرآن کے تعلیمی و فلاحی منصوبہ جات سے آگاہ کیا۔

وفد نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے جاری فلاحی و تعلیمی منصوبہ جات میں گہری دلچسپی لیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تعلیمی و فلاحی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ تحریک منہاج القرآن نے پورے ملک میں منظم تعلیمی نیٹ ورک قائم کیا ہے۔ منہاج القرآن کے تعلیمی ادارے جدید اور قدیم تعلیم کا حسین امتزاج ہیں۔ قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کودکھی انسانیت کی خدمت پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ وفد نے منہاج القرآن سیکرٹریٹ میں قائم گوشہ درود میں حاضری دی۔ ڈائریکٹوریٹ آف فارن افیئرز، میڈیا سیل و دیگر شعبہ جات کا وزٹ کیا اور اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے تاجر رہنماؤں نے ڈاکٹر طاہرالقادری کی بین الاقوامی سطح پر قیام امن، بین المذاہب رواداری اور دہشتگردی کے خاتمہ کےلئے خدمات کو سراہا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top