منہاج ویلفیئر نے امسال جدید سلاٹر ہاؤس کی خدمات حاصل کی ہیں

بیرون ملک مقیم مسلم خاندانوں کو اجتماعی قربانی میں شریک کرنے کیلئے رجسٹریشن جاری ہے
حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق مستحقین تک قربانی کا گوشت پہنچایا جاتا ہے: امجد علی شاہ

لاہور (31 جولائی 2019ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے فلاحی ادارے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے یورپ، امریکہ، مڈل ایسٹ میں مقیم مسلم خاندانوں کو اجتماعی قربانی میں شامل ہونے کے جامع پلان کو حتمی شکل دے دی ہے اور اس حوالے سے رجسٹریشن ڈیسک مرکزی سیکرٹریٹ، آغوش کمپلیکس اور کنٹری ڈائریکٹر کے مرکزی دفاتر میں قائم کیے گئے ہیں، اس سال ہزاروں افراد اجتماعی قربانی میں شریک ہوں گے۔

اعلیٰ سطحی اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کنٹری ڈائریکٹر سید امجد علی شاہ نے بتایا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے اس سال بھی جدید ترین سلاٹر ہاؤس کی خدمات حاصل کی ہیں جہاں کم سے کم وقت میں مستحقین تک قربانی کے گوشت کی محفوظ تقسیم کو یقینی بنایاجائے گا، انہوں نے کہا کہ ہماری اولین کوشش رہی ہے کہ قربانی کا گوشت مستحقین تک پہنچے اور قربانی کی کھال مستحقین بچوں کی اعلیٰ تعلیم و تربیت اور سوسائٹی کے ان طبقات کی پانی جیسی بنیادی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے اخراجات کی مد میں استعمال ہو اور یہ سارا عمل نیک نیتی اور کڑی نگرانی میں انجام پاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ منہاج ویلفیئر ہر سال اندرون، بیرون ملک مقیم ان مسلم خاندانوں کو اجتماعی قربانی کے مقدس فریضہ میں شامل ہونے کی سہولت مہیا کرتی ہے جو قربانی دینے کی استطاعت تو رکھتے ہیں مگر سہولیات سے محروم ہوتے ہیں اوران کی خواہش ہوتی ہے کہ ان کی طرف سے دی جانے والی قربانی کا گوشت حقیقی مستحقین تک پہنچے اور کھال کا بہترین مصرف ہو، سید امجد علی شاہ نے بتایا الحمداللہ منہاج القرآن کا ذیلی فلاحی ادارہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن 2 دہائیوں سے اجتماعی قربانی کے فریضہ کو با حسن و خوبی انجام دے رہا ہے اور ہر سال قربانی کا فریضہ ادا کرنے والوں کی رجسٹریشن بڑھ رہی ہے جو منہاج القرآن پر ان کے اعتماد کا مظہر ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top