عید الاضحی پر قربانی سے حقوق اللہ اور حقوق العباد کی تکمیل ہوتی ہے: علامہ امداد اللہ قادری

مورخہ: 07 اگست 2019ء

ضرورت مندوں کی مدد کرنا دین اسلام کا بنیادی درس ہے: صدر منہاج القرآن علماء کونسل
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی دکھی انسانیت کیلئے خدمات کھلی کتاب کی طرح ہیں: سید امجد علی شاہ
قربانی کا اصل مقصد ضرورت مندوں کی مدد کرنا ہے: ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن
علامہ میر آصف اکبر، علامہ غلام مرتضیٰ علوی، حافظ غلام فرید، علامہ لطیف مدنی کا سیمینار سے خطاب

لاہور (7اگست 2019ء) منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی صدر علامہ امداد اللہ قادری نے کہا ہے کہ عید الاضحی پر قربانی سے بیک وقت حقوق اللہ اور حقوق العباد کی تکمیل ہوتی ہے، عید قربان کا اصل مقصد حقوق اللہ، حقوق العباد کی ادائیگی اور جذبہ ایثار و قربانی پیدا کرنا ہے، ضرورت مندوں کی مدد کرنا دین اسلام کا بنیادی درس ہے۔ اللہ تعالیٰ نے امیروں کو اپنے مال میں سے غریبوں کو دینے کا حکم دیا ہے، صاحب استطاعت پر فرض ہے کہ وہ ضرورت مندوں کی مدد کریں، قربانی کر کے انسان اطاعت خداوندی بجالاتا ہے اور اللہ کے محبوب انبیاء کرام کی سنت پر بھی عمل پیرا ہوتا ہے۔ قربانی کرنے کے بعد جب ایک تہائی گوشت غریبوں یتیموں اور مسکینوں میں تقسیم کیا جاتا ہے تو اس میں صدقہ خیرات کا پہلو بھی کارفرما ہوتا ہے۔ ایک تہائی گوشت رشتہ داروں، قرابت داروں میں تقسیم ہوتا ہے تو اس طرح رشتہ داروں کے حقوق کی پاسداری بھی ہوتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ”قربانی کے فضائل اور اصل مقصد“ کے عنوان سے منعقدہ سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار کی صدارت ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن سیدامجد علی شاہ نے کی۔ اس موقع پر ناظم منہاج القرآن علماء کونسل علامہ میرآصف اکبر، علامہ غلام مرتضیٰ علوی، امیر لاہور حافظ غلام فرید، علامہ محمد حسین آزاد الازہری، علامہ محمدلطیف مدنی سمیت علماء مشائخ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سید امجد علی شاہ نے کہا کہ عید الاضحی ہمیں یاد دلاتی ہے کہ قربانی محض جانوروں کی ذبح کرنے، ان کا گوشت تقسیم کرنے اور کھانے کھلانے کا نام نہیں بلکہ قربانی کا اصل مقصد ضرورت مندوں کی مدد کرنا ہے۔

امجد شاہ نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام لاہور سمیت ملک بھر میں سینکڑوں مقامات پر ہزاروں، گائے،دنبے، بکرے ذبح کیے جائینگے، منہاج القرآن کے سینکڑوں کارکنان مرکزی قربان گاہ سے گوشت تیار کر کے ضرورت مند افراد کے گھروں تک پہنچائیں گے۔ جانوروں کی کھالوں سے ہونے والی آمدن منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن، صحت، تعلیمی، فلاحی منصوبہ جات پر خرچ کرتی ہے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی دکھی انسانیت کے لیے خدمت کھلی کتاب کی طرح ہیں، علامہ میر آصف اکبر نے کہا کہ قربانی قرب خداوندی کا اہم ترین ذریعہ ہے، ہر خیر کے عمل کی طرح قربانی میں بھی اخلاص نیت کا جذبہ بہت ضروری ہے۔ علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے کہا کہ قربانی کی روح اور فلسفہ یہ ہے کہ بندہ مومن اخلاص کے ساتھ قربانی کا عظیم فریضہ انجام دے۔ امیر لاہور حافظ غلام فرید نے کہا کہ قربانی خالص روحانی تصور اور اعلیٰ ترین انسانی صفت ہے، ضرورت مندوں کی مدد کرنے ان کے ساتھ تعاون کرنے کا حکم دے کر دین اسلام نے اپنے رب کو راضی کرنے کا نسخہ بتایا ہے۔ سیمینار سے علامہ محمد حسین آزاد الازہری،علامہ محمد لطیف مدنی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top