دور حاضر کے مسائل کا حل دور فاروقی رضی اللہ عنہ میں موجود ہے: منہاج القرآن علماء کونسل

حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے اپنے دور حکومت میں قیام امن اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا
علامہ امداد اللہ قادری اور علامہ میر آصف اکبر کا خلیفہ دوم حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کے یوم شہادت پر خطاب

لاہور (یکم ستمبر2019) منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی صدر علامہ امداد اللہ خان قادری نے کہا ہے کہ محرم الحرام ان چار محترم مہینوں میں شامل ہے جن کو قرآن حکیم نے قابل احترام قرار دیا ہے۔ اسلامی سال کے آغاز پر قربانی کی داستانیں رقم ہیں اور اسلامی سال کے آخر میں بھی ایثار و قربانی کا درس موجود ہے۔ اسلامی سال کا آغاز محرم الحرام کے مہینے سے ہوتا ہے اور محرم الحرام کی پہلی تاریخ خلیفہ دوم حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی شہادت کا دن ہے۔

حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کے دور خلافت کی سیاسی اصلاحات کو تاریخ اسلام میں ایک خاص مقام اور انفرادیت حاصل ہے۔ آپ رضی اللہ عنہ کے دور حکومت میں سن ہجری کا آغاز ہوا بیت المال کی بنیا د رکھی گئی، راتوں کو گشت کرنے کا طریقہ اختیار کیا گیا۔ نئے شہروں کا قیام عمل میں لایا گیا، حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے مملکت اسلامیہ کو نئے صوبوں میں تقسیم کیا اور عدل و انصاف کا وہ نظام قائم کیا جو تاریخ انسانیت کے لیے مشعل راہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ کے یوم شہادت پر منعقدہ فکری نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مرکزی ناظم منہاج القرآن علماء کونسل علامہ میر آصف اکبر، علامہ عثمان سیالوی، مفتی خلیل حنفی، علامہ غلام اصغر صدیقی اور منہاج القرآن علماء کونسل کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ میر آصف اکبر نے کہا کہ حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کا فرمان ہے کہ اگر نہر فرات کے کنارے ایک کتا بھی پیاسا مر گیا تو کل قیامت کے دن مجھ سے پوچھا جائے گا۔ سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ کا یہ فرمان حکمرانوں کے لیے ایک دستور حیات اور نصب العین کا درجہ رکھتا ہے۔

حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے اپنے دور خلافت میں سادگی، حسن سلوک اورعدل و انصاف کا ایسا نظام نافذ کیا جس کی نظیر تاریخ عالم میں کہیں نظر نہیں آتی۔خلیفہ دوم رضی اللہ عنہ نے ڈاک اور پولیس کا محکمہ قائم کیا، بیت المال تعمیر کروائے، اپاہج اور ضعیف لوگوں کے وظائف مقرر کیے مسافروں کے لیے شاہراوں پر مسافر خانے تعمیر کروائے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کے دور خلاف میں 3600 علاقے فتح ہوئے اور 900 جامع مساجد تعمیر ہوئیں۔

دور حاضر کے مسائل کا حل دور فاروقی رضی اللہ عنہ میں موجود ہے ضرورت اس امر کی ہے حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی تعلیمات کو اپنایا جائے اسی میں ترقی اور کامیابی ہے۔ حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے اپنے دور حکومت میں قیام امن اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا۔آپ رضی اللہ عنہ کے دور حکومت میں جو علاقے فتح ہوئے ان میں عدالتی نظام کو فعال کیا گیا۔ مفتوحہ علاقوں کے باسیوں کو دین اسلام کی تعلیم سے آشنا کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top