پشاور میں ’’ڈپلومہ ان قرآن سٹڈی‘‘ کورس کی اختتامی تقریب

تحریک منہاج القرآن کی مرکزی نظامت تربیت کے زیراہتمام 10 روزہ ’’ڈپلومہ ان قرآن سٹڈی کورس‘‘ کی اختتامی تقریب 3 سمتبر 2019ء کو منعقد ہوئی، اس تقریب کا اہتمام منہاج القرآن ویمن لیگ خیبرپختونخوا کی طرف سے کیا گیا، قونصل جنرل خانہ فرہنگ ایران پشاور محمد باقر بیگی مہمان خصوصی تھے جبکہ مرکزی ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے بھی خصوصی شرکت کی۔ پروگرام میں تاجر اتحاد پشاور کے رہنما خالد ایوب، خالد محمود درانی، محسن اور مرکزی ناظم تنظیمات برائے خیبرپختونخوا عبدالحئی علوی نے بھی شرکت کی۔

تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کلام اللہ ہے، اس کے اندر ترقی، خوشحالی، بقاء کے رہنما اصول دئیے گئے ہیں، جو قوم بھی ان اصولوں کو اختیار کرے گی وہ دنیا میں ترقی کرے گی تاہم آخرت اہل ایمان کی ہے، قرآنی تعلیمات سے دوری کی وجہ سے امت مسلمہ زوال کا شکار ہے۔ انہوں نے کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ منہاج القرآن، قرآن کے راستے پر ہے، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی یہ کوشش اور خواہش ہے کہ امت مسلمہ کا ہر فرد خواہ وہ عربی ہے یا غیر عربی وہ اللہ کے کلام کو براہ راست سمجھے اور اس پر تدبر کرے۔

قونصل جنرل خانہ فرہنگ ایران پشاور محمد باقر بیگی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن نے انسانیت کی بقاء اور تحفظ کے لیے بڑی ٹھوس فکری بنیادیں مہیا کی ہیں، اسلام کسی بے گناہ کی جان لینے کا درس نہیں دیت، اسلام ایک پرامن ضابطہ حیات ہے، قرآن مظلوم کی مدد کا حکم دیتا ہے اور مرد و خواتین کو حصول علم کے حوالے سے پابندبناتا ہے۔ انہوں نے منہاج القرآن اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قرآنی علوم کے فروغ اور انسانیت کے لیے بے مثال خدمت انجام دینے کی تعریف کی۔

منہاج القرآن ویمن لیگ خیبرپختونخوا کی کوآرڈینیٹر ام حبیبہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام کے تعلیم و تربیت والے پیغام کو تحریک منہاج القرآن نے اپنا مرکز و محور بنایا ہے، قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے خواتین کی دینی اور دنیاوی تعلیم کے لیے عالمی معیار کے سکول، کالج بنائے ہیں، جہاں خواتین بامقصد تعلیم حاصل کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الحمدللہ کے پی کے میں کامیاب قرآن لرننگ کے کورسز منعقد ہورہے ہیں اور ان کورسز سے خواتین سمیت زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد مستفید ہورہے ہیں۔

پروگرام میں خالد ایوب، خالد محمود درانی، محسن اور مرکزی ناظم تنظیمات برائے خیبرپختونخوا عبدالحئی علوی نے بھی خطاب کیا۔

آخر میں 10 روزہ ’’ڈپلومہ ان قرآن سٹڈی‘‘ میں حصہ لینے والے کامیاب شرکاء کو سرٹیفکیٹس دئیے گئے۔ خرم نواز گنڈاپور نے ڈپلومہ ان قرآن سٹڈی کے لرننگ پروگرام کے کامیاب انعقاد پر نظامت تربیت کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمود مسعود، علامہ سرفراز قادری اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد دی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top