مظلوموں کا ساتھ دینا حسینیت اور تفرقہ پھیلانا یزیدیت ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین

اتحاد امت کےلئے علمائے کرام بین المسالک ہم آہنگی اور بھائی چارے کا درس دیں
9 محرم الحرام کی رات’’ پیغام شہادت امام حسین علیہ السلام کانفرنس ‘‘مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہو گی

لاہور (8 ستمبر2019) تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین القادری نے کہا ہے کہ مظلوموں کا ساتھ دینا حسینیت اور تفرقہ پھیلانا یزیدیت ہے۔ امت مسلمہ کو متحد کرنا علمائے کرام کا دینی فریضہ اور وقت کی ناگزیر ضرورت ہے۔ کربلا کا پیغام مظلوموں کے مقابلہ میں ظالموں کے خلاف ڈٹ جانا ہے۔ تحریک منہاج القرآن منبر رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اسلامی اخوت اور ’’لا تفرقو‘‘ کا پیغام عام کررہا ہے۔

وہ مرکزی سیکرٹریٹ میں منہاج علماء کونسل کے محرم الحرام کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں خرم نواز گنڈاپور، علامہ رانا محمد ادریس،علامہ امداد اللہ قادری ، علامہ میر آصف اکبر، انجینئر رفیق نجم، علامہ عثمان سیالوی و دیگر شریک تھے۔

ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ حسینی فکر کو اپنا کر ہی دنیا کو امن کو گہوارہ اور پاکستان کو اسلام کا حقیقی قلعہ بنایا جا سکتا ہے۔ علمائے کرام محرم الحرام میں بین المسالک ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے اپنا دینی فریضہ ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ یزید ایک نا اہل اور بدکردار حاکم تھا جس نے مصطفوی تعلیمات اور قرآن کے آفاقی پیغام کو دنیاوی اقتدار اور سیاسی مصلحتوں کے تحت پامال کرنے کی ناپاک حرکت کی اوراس کا مقابلہ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ نے ڈٹ کر کیا۔

ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ سانحہ کربلا سے پیغام ملتا ہے کہ ظلم کے نظام کے خلاف جدوجہد کرنا ایمان کا تقاضا ہے۔ حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے رفقاء کربلا میں آزمائشوں سے دو چار ہوئے۔ جام شہادت نوش کر لیا مگر جابر اور بدکردار حکمران کے سامنے سر نہیں جھکایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہا ہے اسے مسائل اور اندرونی و بیرونی سازشوں سے محفوظ بنانے کیلئے فکر حسین پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام دین فطرت ہے اور ہر کسی کو اپنے عقیدے کے مطابق عبادات اور آزادی اظہار کا حق دیتا ہے۔

معاشرے میں بھائی چارے، رواداری، برداشت اور تحمل کے جذبات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی امن دشمن ہمارے اس اتحاد، یکجہتی اور بھائی چارے کو پارہ پارہ نہ کر سکے۔ انہوں نے علمائے کرام اور مشائخ عظام پر زور دیا کہ وہ منبر رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے بھائی چارے، یگانگت اور برداشت کا درس دیں کیونکہ یہ وقت اتحاد و اتفاق کیلئے کام کرنے کا ہے۔

دریں اثناء 9 محرم الحرام کی رات منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ’’پیغام شہادت امام حسین علیہ السلام کانفرنس‘‘ منعقد ہو گی جس سے چیئرمین سپریم کونسل تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر حسن محی الدین قادری خصوصی خطاب کریں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top