اللہ کی راہ میں ملنے والی موت حیات ابدی ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین

پیغام امام حسین رضی اللہ عنہ کانفرنس سے علامہ کاظم رضا نقوی، علامہ عبدالستار خان نیازی نے خطاب کیا
کانفرنس میں خرم نواز گنڈاپور، داتا دربار انتظامی کمیٹی کے چئیرمین نذیر چوہان و دیگر کی شرکت
سینکڑوں کارکنان اور مختلف طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے کانفرنس میں شرکت کی

لاہور (11ستمبر2019) چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ ”پیغام امام حسین رضی اللہ عنہ کانفرنس“ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ کی راہ میں ملنے والی موت، موت نہیں حیات ابدی ہے، حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی قربانی دین مصطفی کی سربلندی کیلئے تھی۔ انہوں نے یزیدی نظام حکومت میں جو غلط جانا اس کے خلاف ڈٹ گئے اور جانوں کے نذرانے دئیے مگر اپنے اصول اور نظریہ پر رتی برابر لچک نہیں دکھائی۔ پیغام امام حسین رضی اللہ عنہ یہ ہے کہ حق پر ڈٹ کر کھڑے ہو جاؤ۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہر دورمیں شہدانے جانوں کے نذرانے دئیے مگر جو قبولیت اور عالمگیریت شہدائے کربلا کے حصے میں آئی کسی اور کے حصے میں نہیں آئی۔ انہوں نے کہا کہ تما م مسلمان ایک مٹھی ہیں کوئی منفی طاقت اور شرپسند ہمیں ایک دوسرے سے جدا نہیں کر سکتے۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے تمام مکتب فکر کے جید علمائے کرام کی طرف سے پیغام امام حسین رضی اللہ عنہ کانفرنس میں شرکت اور اتحاد بین المسلمین کے بے مثال مظاہرہ پر تمام علماء کو شکریہ ادا کیا۔

نقابت کے فرائض علامہ میر محمد آصف اکبر قادری (مرکزی ناظم منہاج القرآن علماء کونسل) نے انجام دئے۔ کانفرنس سے علامہ حافظ کاظم رضا نقوی (راہنما تحریک نفاذ فقہ جعفریہ) علامہ عبدالستار خان نیازی (راہنما مرکزی جمعیت اہلحدیث) مولانا عاصم مخدوم (دیوبند عالم دین) مولانا افضل حیدری (دیوبند عالم دین) مفتی سید عاشق حسین (بریلوی عالم دین) پیر ڈاکٹر بدر منیر سیفی (رابطہ مشائخ کونسل پاکستان) محترم نذیر چوہان ایم پی اے (چیئرمین امور مذہبی کمیٹی داتا دربار) محترم خرم نواز گنڈا پور (ناظم اعلی تحریک منہاج القرآن) اور علامہ امداد اللہ قادری (مرکزی صدر علماء کونسل نے خطاب کیا۔

”پیغام امام حسین رضی اللہ عنہ کانفرنس“ میں راجہ زاہد محمود، جواد حامد، نوراللہ صدیقی، مظہر محمود علوی، عرفان یوسف، محترم اشتیاق حنیف مغل، فرح ناز و دیگر خواتین و حضرات نے کثیر تعداد میں شرکت کر کے اہلبیت رسول سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔ شہادت امام حسین رضی اللہ عنہ کانفرنس میں سینکڑوں کارکنوں اور ہر مکتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top