ڈاکٹر طاہرالقادری کی ہدایت پر منہاج القرآن کے رہنماؤں کا میر پور کے زلزلہ سے متاثرہ اضلاع کا دورہ

تحریک منہاج القرآن کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خصوصی ہدایت پر منہاج القرآن اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے مرکزی رہنماؤں پر مشتمل وفد کا میر پور کے زلزلہ سے متاثرہ اضلاع کا دورہ۔ وفد میں مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر سید امجد علی شاہ شامل تھے۔ منہاج القرآن میر پور تنظیم کے راہنما ظفر اقبال، شاہد محمود قادری، حافظ احسان الحق ودیگر رہنما بھی ہمراہ تھے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے زلزلے سے متاثرہ غریب خاندانوں کی مالی مدد کی گئی۔ راہنماؤں نے ڈسٹرکٹ ہسپتال میر پور میں زیر علاج مریضوں کے لیے ادویات بھی دیں۔ ادویات میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور طبی عملہ کے حوالے کی گئیں۔ اس موقع پر وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ڈھوک پھلی کے متاثرین نے شکایت کی کہ تین دن گزر جانے کے بعد بھی حکومت کے کسی نمائندہ نے رابطہ نہیں کیا۔ سہوال ڈھوک پھلی کے 80 فیصد گھر زلزلے کے جھٹکوں کی وجہ سے مسمار ہو گئے ہیں، خواتین، بزرگ اور بچے کھلے آسمان تلے کسمپرسی کی زندگی بسر کر رہے ہیں۔ متاثرہ خاندانوں کو شکوہ ہے کہ سرکاری عہدیدار آتے ہیں تصویریں بنا کر چلے جاتے ہیں۔

مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی نے متاثرین زلزلہ اور تنظیمی عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میر پور و دیگر علاقوں کے متاثرین زلزلہ کی ہر ممکن مدد کےلئے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے خصوصی ہدایات دی ہیں اور انکی ہدایات پر ہم امدادی سامان متاثرہ علاقوں میں لے کر آئے ہیں۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن مصیبت کی ہر گھڑی میں قوم کے شانہ بشانہ رہی ہے۔ انسانیت کی خدمت اسکا اولین مشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے دور دراز کے متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کیا ہے۔ زلزلے کے متاثرین بہت تکلیف میں ہیں۔ رابط سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ کی وجہ سے آمدورفت اور باہمی رابطے بری طرح متاثر ہوئے ہیں، متاثرہ خاندانوں کو رات بسر کرنے کے لیے ٹینٹس، اینٹی بائیو ٹک ادویات اور خوراک کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ زلزلے سے جو تباہی آئی ہے وہ ایک بڑے امدادی آپریشن کا تقاضا کرتی ہے۔ پاک فوج کے ساتھ ساتھ وفاقی و صوبائی حکومتوں کو بھی حرکت میں آنا ہوگا تا کہ مظلوم اور مصیبت میں مبتلا ہم وطنوں کو امداد مہیا کرے اور انکی بحالی ممکن ہو سکے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ان اشیاء کی فوری فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے جو ان متاثرہ علاقوں میں درکار ہےں۔ حکومت فوری طور پر ان متاثرین کی مدد کرے جن کے گھر جزوی تباہ ہوئے، تعمیر نو کو ترجیح دی جائے۔

ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن سید امجد علی شاہ نے کہا کہ مصیبت زدہ لوگوں کی امداد اور بحالی کےلئے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ہرممکن مدد فراہم کرے گی۔ متاثرہ علاقوں میں زیر علاج مریضوں کی دیکھ بھال کے لئے ڈاکٹرز اور طبی عملہ کا انتظام بھی کر رہے ہیں۔ فوج کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے ملبہ ہٹانے اور ریسکیو کرنے کے حوالے سے مثالی کردار ادا کیا ہے، انہوں نے کہا کہ میر پور سمیت آزاد کشمیر کے کئی علاقوں میں سڑکیں اور مواصلاتی نظام مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔ مواصلاتی نظام تباہ ہو جانے کی وجہ سے کئی علاقوں میں ابھی تک امدادی سرگرمیاں مکمل طور پر شروع نہیں ہو سکیں ہیں۔ وفد نے اس موقع پر زلزلہ سے جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت، زخمیوں کی جلد صحتیابی اور متاثرین کی بحالی کےلئے خصوصی دعا بھی کی۔ متاثرہ خاندانوں نے دکھ کی گھڑی میں اظہار ہمدردی کرنے پر ڈاکٹر طاہرالقادری اور منہاج القرآن کا شکریہ ادا کیا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top