معاشی تحفظ کے بغیر حرمت انسانی کا تصور نا ممکن ہے: نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن

دین اسلام میں حاکم اور شہری دونوں برابر کے حقوق سے مستفید ہوتے ہیں: علامہ رانا محمد ادریس
نماز جمعہ کے بعد زلزلے میں شہید ہونیوالوں کےلئے مغفرت اور زخمیوں کی صحت یابی کی دعا کی گئی

لاہور (27 ستمبر 2019) نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس نے کہا ہے کہ معاشی تحفظ کے بغیر حرمت انسانی کا تصور نا ممکن ہے۔ اخوت انسانی کی تکمیل کےلئے معاشرتی مساوات کے ساتھ ساتھ مادی مساوات بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاجر اور انصار کے درمیان مواخات اسی اصول پر قائم کی گئی تھی۔ محسن انسانیت رسول اکرم ﷺ کا فرمان ہے ’’خدا کی قسم تم مومن نہیں کہلا سکتے جب تک تم اپنے بھائی کےلئے وہ نہ چاہو جو اپنےلیے چاہتے ہو۔ انہوں نے کہا کہ اسلام میں احترام انسانی کا یہ پیغام صرف مسلمانوں کےلئے نہیں بلکہ کل نوع انسانی کےلئے ہے۔ رسول اکرم ﷺ تمام جہانوں کےلئے رحمت ہیں، دین اسلام نے اپنے ماننے والوں کو اخوت و ایثار کا حکم دیا ہے۔ اللہ کی راہ میں مال خرچ کرنا وسائل کو معاشرے کے محروم طبقات تک پہنچانے کا ذریعہ ہے۔ وہ جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام میں دین و دنیا دونوں کی فلاح مضمر ہے۔ دین اسلام ایک ایسے فلاحی معاشرے کا تصور پیش کرتاہے جو حقیقی مساوات پر مبنی ہو، اوراسلامی ریاست کا بنیادی مقصد بھی یہی ہے، دین اسلام میں حاکم اور شہری دونوں برابر کے حقوق سے مستفید ہوتے ہیں۔ اسلام نے دولت کو اللہ کی طرف سے ایک امانت قرار دیا ہے اور معاشرے میں اسکی منصفانہ تقسیم کا حکم دیاہے۔ زکوۃ، خیرات سے متعلق احکامات، کسب حلال پر اصرار اور وراثت کی تقسیم ان سب کا مقصد دولت کو چند ہاتھوں میں مرکوز ہونے سے روکنا اور ایک منصفانہ نظام کی تشکیل ہے۔ ۔ نماز جمعہ کے بعد زلزلے میں شہید ہونیوالوں کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کےلئے دعا کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top