تعلیم یافتہ اور باصلاحیت نوجوان ہی ملکی ترقی کی ضمانت ہوتے ہیں: خرم نواز گنڈاپور

تعلیم امن پسند، خوشحال معاشرے کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے: ناظم اعلیٰ منہاج القرآن
یکساں نظام تعلیم کے نفاذ اور طبقاتی نظام تعلیم کے خاتمے کیلئے جدوجہد کررہے ہیں: عرفان یوسف
حکومت وقت جی ڈی پی کا پانچ فیصد بجٹ تعلیم کیلئے مختص کرے: مرکزی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ
آئندہ 10 سالوں کیلئے ملک میں تعلیمی ایمرجنسی کا اعلان کیا جائے: یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب
قاضی شفیق، راجہ زاہد محمود، مظہرعلوی، سعید عالم، ملک باسط، ذلج انقلابی، اخلاق حسین سمیت طلبہ رہنماؤں کی شرکت

لاہور (7 اکتوبر 2019ء) مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے 25ویں یوم تاسیس کے موقع پر مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ”قومی طلبہ کنونشن“ کا انعقاد کیا گیا۔ مختلف یونیورسٹیز، کالجز کے طلبا و طالبات نے بڑی تعداد میں تقریب میں شرکت کی۔ ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور، مرکزی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ عرفان یوسف چودھری سمیت مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی، صوبائی، ضلعی رہنماؤں اور سابق عہدیداران نے بھی خصوصی شرکت کی۔

ناظم اعلیٰ منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور نے یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان فرسودہ نظام بدلنے کی جدوجہد میں شریک ہو کر ڈاکٹر طاہرالقادری کے ہاتھ مضبوط کریں۔ طلبہ کو آج استحکام پاکستان کے لیے حصول پاکستان والا کردار ادا کرنا ہو گا۔ ملک کو ایسے باصلاحیت نوجوانوں کی ضرورت ہے جو ملکی ترقی کا باعث بنیں۔ تعلیم یافتہ نوجوان ہی ایک بہتر معاشرے اور ترقی یافتہ قوم کی تعمیر کرتے ہیں۔ ریاست کی بنیادی آئینی ذمہ داریوں میں یکساں، معیاری اور جدید تعلیم کی فراہمی شامل ہے۔ تعلیم امن پسند، خوشحال معاشرے کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے نوجوان ڈاکٹر طاہرالقادری جیسے لیڈر کے تربیت یافتہ ہیں۔

مرکزی صدر مصطفوی موومنٹ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یکساں نظام تعلیم کے نفاذ اور طبقاتی نظام تعلیم کے خاتمے کیلئے جدوجہد کررہے ہیں۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے نوجوان صحت مند تعلیمی کلچر کے قیام کیلئے کوشاں ہیں۔ طلبہ میں علم کے فروغ اور کردار کی پختگی کیلئے جدوجہد کررہے ہیں۔ عرفان یوسف نے حکومت سے مطالبات کیے کہ حکومت وقت جی ڈی پی کا پانچ فیصد بجٹ تعلیم کیلئے مختص کرے۔ نرسری سے لیکر 12ویں گریڈ تک یکساں نصاب تعلیم کا نفاذ کیا جائے۔ آئندہ 10 سالوں کیلئے ملک میں تعلیمی ایمرجنسی کا اعلان کیا جائے۔ اساتذہ کیلئے معیار تربیت اور مراعات کا نظام موثر بنایا جائے۔ تعلیمی اداروں کے اندر ہونے والی کرپشن کے خاتمہ کیلئے نیب کا خصوصی سیل قائم کیا جائے۔ لسانی، طبقاتی اور فرقہ وارانہ تعصبات کو نصاب اور تعلیمی اداروں سے ختم کیا جائے۔ عوامی نمائندوں اور سرکاری افسروں کے بچوں کی پبلک سیکٹر کی یونیورسٹیز میں تدریس قانون سازی کا حصہ ہو، حصول تعلیم کی لگن کے فروغ کیلئے حکومتی اور عوامی سطح پر مہمات چلائی جائیں۔

یوم تاسیس کی تقریب میں مرکزی صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ مظہر محمود علوی، قاضی شفیق، راجہ زاہد محمود، سعید عالم، ملک باسط، ذلج انقلابی، میاں انصر، سید بلال حسن، فرحان عزیز، حسنین ارشد، ابرار رضا ایڈووکیٹ، ایاز کیتھران، اخلاق حسین سمیت طلبہ رہنماؤں نے شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top