دین اسلام احترام انسانیت کی تلقین کرتا ہے: علامہ رانا محمد ادریس

رنگ ونسل، جنس و مذہب کی تفریق کے بغیر تمام انسانوں کے حقوق کی پاسداری کرنا احترام انسانیت ہے
اسلام حالت جنگ میں بھی بے گناہوں کو قتل کرنے سے منع کرتا ہے: نائب ناظم اعلیٰ منہاج القرآن
آصف منہاس کی زوجہ کے ایصال ثواب کے لیے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں دعائیہ تقریب کا انعقاد
صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین، بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، خرم نوازگنڈاپور سمیت اہم رہنماؤں کی شرکت

لاہور (11 اکتوبر 2019ء) نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس نے کہا ہے کہ اللہ کریم کے احسانات میں سے اپنے بندوں پر ایک بہت بڑا احسان یہ بھی ہے کہ رب تعالیٰ نے انسان کو اشرف المخلوقات بنایا ہے، اللہ تعالیٰ نے انسانوں کو احترام انسانیت، ایک دوسرے کے ساتھ بھلائی اور اچھائی کی تلقین فرمائی ہے، اللہ کریم کی محبت میں بھوکے، یتیم، مسکین اور قیدی کو کھانا کھلانا انسانی خدمت ہے، رنگ ونسل، جنس و مذہب کی تفریق کے بغیر تمام انسانوں کے حقوق کی پاسداری کرنا احترام انسانیت ہے، اسلام نے انسانوں کے ساتھ حسن سلوک اور ان کے حقوق ادا کرنے کی ہدایت اور تلقین فرمائی ہے، احترام انسانیت کو ایمان کی شرط قرار دیا ہے، وہ جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعتہ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ رسول کریم ﷺ نے نہ صرف انسانیت کے احترام کی تلقین فرمائی بلکہ اسے عملی طور پر کر کے بھی دکھایا، حضور اکرم ﷺ نے جنگ کے دوران بھی انسانیت کے احترام کا حکم دیا ہے، غزوات میں عورتوں، بچوں، بوڑھوں کا خیال رکھنے کا حکم اور ان کو قتل کرنے سے منع فرمایا ہے۔

علامہ رانا محمد ادریس نے کہا کہ محسن انسانیت ﷺ نے مہاجر او رانصار کو بھائی بھائی بنا کر ایثار و اخوت اور احترام انسانیت کی جو مثال قائم کی ہے تاریخ عالم اس جیسی کوئی اور مثال پیش کرنے سے قاصر ہے، دین اسلام رنگ و نسل اور مذہب کی تفریق کے بغیر احترام انسانیت کی تلقین کرتا ہے، اگر ہم رسول اکرم ﷺ کے امتی ہونے پر فخر کرتے ہیں تو آپ ﷺ کی تعلیمات پر بھی عمل پیرا ہونا چاہیے۔ حضور اکرم ﷺ کے اسوہ حسنہ پرعمل کیے بغیر ہمارے سارے دعوے عبث ہیں۔

دریں اثناء تحریک منہاج القرآن کے دیرینہ رفیق اور سینئر رہنما آصف منہاس کی زوجہ کے ایصال ثواب کے لیے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، آصف منہاس کی زوجہ گزشتہ دنوں قضائے الٰہی سے انتقال کر گئی تھیں، مرحومہ کے ایصال ثواب کے لیے منعقدہ دعائیہ تقریب میں صدر تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، بریگیڈیئر(ر) اقبال احمد خان، خرم نواز گنڈاپور، جی ایم ملک، نوراللہ صدیقی، جواد حامد، یاسین منہاس، آصف منہاس، سلمان منہاس، حاجی منظور حسین، سعید اختر، عمر فاروق، قاری محمد اعجاز قادری، حافظ محمد رؤف مدنی، فرید احمدبشیر شہزاد رسول قادری، حاجی محمد اسحاق نے شرکت کی اور مرحومہ کی بخشش و درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ معروف نعت خوان الحاج اخترحسین قریشی اور غلام فرید چشتی نے بارگاہ رسالت مآب ﷺ میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top