منہاج القرآن کی 36 ویں عالمی میلاد کانفرنس، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا خصوصی خطاب
تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام دنیائے اسلام کی سب سے بڑی 36 ویں عالمی میلاد کانفرنس مینار پاکستان لاہور کے سبزہ زار میں منعقد ہوئی۔ کانفرنس میں ممتاز مذہبی، سیاسی، سماجی شخصیات اور اندرون و بیرون ملک سے لاکھوں عشاقان مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی،خواتین کے لیے مینار پاکستان کے سائے تلے پنڈال کا نصف حصہ مختص کیا گیا ۔ روئے زمین پر میلاد النبی ﷺ کا سب سے بڑا اجتماع منہاج ٹی وی کے ذریعے دنیا بھر میں براہ راست نشر کیا گیا۔
صوبائی وزیر اوقاف پنجاب صاحبزادہ سعید الحسن شاہ، ممبر صوبائی اسمبلی سید صمصام علی بخاری، ڈاکٹر ایس ایم شہزاد اور آسٹریلیا سے ڈاکٹر اسحاق بھٹی کانفرنس کے مہمان خصوصی تھے جبکہ پیر سید بلال چشتی، پی ٹی آئی رہنما نذیر احمد چوہان، علماء، مشائخ، اسکالرز، دانشور اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے نامور شخصیات نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر چئیرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، نائب صدر منہاج القرآن بریگیڈئر ریٹائرڈ اقبال احمد خان، جواد حامد، امیر لاہور حافظ غلام فرید، علامہ امداد اللہ خان، انجیئنر رفیق نجم، رانا محمد ادریس قادری، راجہ زاہد محمود بھی اسٹیج پر موجود تھے۔
کانفرنس کے پہلے حصہ کا باقاعدہ نماز عشاء کے فوری بعد ہوا۔ تلاوت و نعت کے بعد مختلف ثناء خوانوں اور مقررین نے اظہار خیال کیا۔ اس موقع پر لاکھوں شرکاء اپنے ہاتھوں میں جھنڈیاں لہرا کر اور نعرے لگا کر اپنے جذبات کا اظہار کرتے رہے۔
ہندو مذہبی رہنما پنڈت بھگت لال نے نعت رسول مقبول ﷺ پیش کی، معروف نقیب و نعت گو شاعر صاحبزادہ تسلیم صابری، شہزاد برادران نے بارگاہ سرور کونین ﷺ میں گلہائے عقیدت پیش کر کے سماء باندھ دیا۔
36 ویں عالمی میلاد کانفرنس کے دوسرے سیشن کا آغاز شب 12 بجے تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔ نامور کمپئیر و نقیب کیو ٹی وی سے صاحبزادہ تسلیم صابری نے حمد باری تعالی پڑھی۔ بعد ازاں شہزاد برادران اور دیگر ثناخوانوں نے بھی انتہائی خوبصورت انداز و آواز میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔
شیخ الاسلام کا خطاب شب ایک بج کر 25 منٹ پر شروع ہوا ۔آپ نے ّّقرآن اور ادب و تعظیم نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلمٗٗ کے موضوع پر خطاب کیا۔آپ نے کہا کہ سارا دین ادب میں ہے۔ اللہ رب العزت نے نماز پڑھنے کے لیے کعبہ کی سمت کا تعین کر دیا تاکہ ساری دنیا میں نماز پڑھنے والے کعبہ کا ادب کر سکیں۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن میں فرمایا کہ مشرق و مغرب اللہ کے لیے اور جدھر سمت کرو گے تو اس کی عبادت کسی سمت اور جہتوں سے پاک ہے۔ اللہ نے نماز کو بھی ادب کیساتھ جوڑ دیا۔ آپ دنیا میں کہیں بھی ہوں تو یہ کعبہ کاادب ہے کہ سمت اسی کیطرف ہی کرنی ہے۔ کعبہ ہزار ہا میل دور ہے لیکن آپ ادب کے باعث کعبہ کی طرف چہرہ اور پشت کر کے بیٹھ نہیں سکتے۔ کعبہ کی سمت منہ کر کے تھوک نہیں سکتے۔ اللہ کے گھر میں مسجد میں داخل ہونے کے لیے بایاں قدم نہیں رکھ سکتے۔ یہ سارا دین ادب کے کلچر پر قائم ہے۔
اس طرح حج سارا ہی ادب پر قائم ہے۔ صفا مروہ کا چکر سیدہ ھاجرہ کی نسبت کا ادب ہے۔ حج کے تمام افعال ادب اور تقویٰ ہیں۔ اللہ نے صفا و مروہ کو شعائراللہ یعنی اللہ کی نشانیاں قرار دیا۔ یہ نشانیاں اس لیے ہیں کہ ان کیساتھ اللہ کے بندوں اسماعیل اور سیدہ ھاجرہ کا تعلق ہے۔ ان ہستیوں کو اللہ نے شعائراللہ بنا دیا۔ ان کےافعال کو حج وعمرہ بنا دیا۔دین کا کلچر ادب پر قائم ہے۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے عالمی میلاد کانفرنس کے اجتماع سے خطاب کیا
عالمی میلاد کانفرنس میں لاکھوں فررندان اسلام شریک ہوئے
سٹیج کا منظر
چئیرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، نائب صدر منہاج القرآن بریگیڈئر ریٹائرڈ اقبال احمد خان، جواد حامد، امیر لاہور حافظ غلام فرید، علامہ امداد اللہ خان، انجیئنر رفیق نجم، رانا محمد ادریس قادری، راجہ زاہد محمود بھی اسٹیج پر موجود تھے۔
ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور
ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے استقبالیہ پیش کرتے ہوئے 36ویں عالمی میلاد کانفرنس میں آنے والے مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ میلاد کانفرنس کا مبارک موقع پر شاعر مشرق، عظیم صوفی قلندر و عاشق رسول علامہ محمد اقبال کا یوم ولادت بھی منایا جا رہا ہے، جن کے مزار پر عشق رسول کے فیوضات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا ایمان ہے کہ نبی اکرم ﷺ تمام جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجے گئے اور ان کے اسوہ پر چلنے والے کبھی صراط مستقیم سے نہیں بھٹک سکتے، حضور اکرم ﷺ نے تہذیب و شائستگی، ادب و احترام کے ایک ایسے کلچر کی بنیاد رکھی جس میں طاقتور کمزور کے محافظ بنے، مرد خواتین کی عزت اور بوڑھے بچوں سے شفقت کرنے لگیں۔
صوبائی وزیر مذہبی امور سید سعید الحسن شاہ
صوبائی وزیر اوقاف پنجاب صاحبزادہ سعید الحسن شاہ نے سٹیج پر اپنے مخصوص انداز میں نعت پڑھی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حضور ﷺ کے میلاد کا مہینہ ہر مسلمان کے لیے مسرت اور شادمانی کا عظیم تحفہ لے کر آتا ہے، ربیع الاول کا ماہ مبارک رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے، زمین اور آسمان تخلیق اور ساری نعمتیں تاجدار ختم نبوت ﷺ کے دم قدم سے ہیں۔
حضور نبی اکرم ﷺ عامۃ الناس کے مفادات کے محافظ، انسانوں، جانوروں اور پوری کائنات کے لیے سراپا رحمت ہی رحمت ہیں، ہمیں حضور اکرم ﷺ کی سیرت طیبہ اور اسوہ حسنہ کو ہر آ ن سامنے رکھتے ہوئے اپنے معمولات زندگی گزارنے کی کوشش کرنی چاہیے، رسول اکرم ﷺ کی سیرت طیبہ پر خود عمل پیرا ہو کر دوسروں کو بھی خیر کی دعوت دیں، میانہ روی، فلاح عامہ، باہمی اخوت و محبت اور امن و سلامتی کی راہ ہی سیرت طیبہ کی راہ ہے۔
ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب سید صمصام بخاری
ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب سید صمصام علی شاہ بخاری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عظیم الشان 36ویں عالمی میلاد کانفرنس کے انعقاد پر تحریک منہاج القرآن کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ہم برسوں سے شیخ الاسلام کی سنگت میں ہیں اور گزرتے وقت کیساتھ ساتھ ہماری یہ عقیدت بڑھتی جا رہی ہے، اس کی وجہ یہی ہے کہ شیخ الاسلام نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور اہل بیت کی محبت کے پیغام کو دنیا بھر میں عام کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ پیغمبر امن بن کر مبعوث ہوئے، آپ ﷺ کی نظریاتی، فکری جدوجہد سے نہ صرف عرب کے جزیرے میں امن قائم ہوا بلکہ پوری نسل انسانی کو سکون اور اطمینان ملا، حضور نبی اکرم ﷺ نے ریاست مدینہ کی بنیاد رکھی اور اسلامی نظام حکومت کا اعلیٰ نمونہ پیش کیا جو عدل و انصاف، حقوق و فرائض بین المذاہب رواداری کے زریں اصولوں پر استوار تھا۔
سید صمصام علی بخاری نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی ذات علم و عمل کی آئینہ دار اور بے نظیر و بے مثال ہے، حضورخاتم النبین نے امن اور محبت کا درس دیا، بین المذاہب ہم آہنگی اور میانہ روی کی تعلیم دی، آج 36ویں عالمی میلاد کانفرنس کے سٹیج پر مختلف مذاہب کے رہنماؤں کی موجودگی سے منہاج القرآن کا سٹیج بین المسالک و بین المذاہب ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کا آئینہ دار نظر آرہا ہے۔
ناظم دعوت منہاج القرآن علامہ ظہیر احمد نقشبندی
علامہ ظہیر احمد نقشبندی نے شیخ الاسلام کی میلاد النبی کے موقع پر نئی شائع ہونے والی کتب کا تعارف پیش کیا۔
ناظم تحریک منہاج القرآن وسطی پنجاب انجینئر رفیق نجم
انجینئر رفیق نجم نے میلاد کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ان کا شکریہ اد ا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مہناج القرآن کا میلاد النبی کا عظیم الشان اجتماع منعقد کرنا ایک بہت بڑا اعزاز ہے، جس کا سہرا شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے سر ہے۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے خطاب کے بعدکانفرنس کا اختتام درود وسلام سے ہوا،اس موقع پر میلاد النبی کی خوشی میں انتہائی خوبصورت انداز میں فائر ورک بھی کیا گیا۔ آخر میں خصوصی دعا ہوئی، جس میں کشمیریوں کے لیے خاص طور پر دعا ئیں بھی کی گئی۔
تبصرہ