منہاج القرآن کی عالمی میلاد کانفرنس میں ہزاروں مردو خواتین کی شرکت

صوبائی وزراء سید سعید الحسن شاہ، سید صمصام علی بخاری نے خطا ب کیا
حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ریاست مدینہ کے ذریعے ویلفیئر سٹیٹ کی بنیاد رکھی: مقررین
ڈاکٹر حسن محی الدین، ڈاکٹر حسین محی الدین، خرم نواز گنڈاپور، بریگیڈیئر ریٹائرڈ اقبال احمد خاں نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا

لاہور(11 نومبر 2019ء) تحریک منہاج القرآن کی 36ویں عالمی میلاد کانفرنس منہاج القرآن کی عالمی میلاد کانفرنس میں ہزاروں مردو خواتین نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر مذہبی امور پیر سید سعید الحسن شاہ نے کہا ہے کہ حضور ﷺ کے میلاد کا مہینہ ہر مسلمان کے لیے مسرت اور شادمانی کا عظیم تحفہ لے کر آتا ہے، ربیع الاول کا ماہ مبارک رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے، زمین اور آسمان تخلیق اور ساری نعمتیں تاجدار ختم نبوت ﷺ کے دم قدم سے ہیں۔

حضور نبی اکرم ﷺ عامۃ الناس کے مفادات کے محافظ، انسانوں، جانوروں اور پوری کائنات کے لیے سراپا رحمت ہی رحمت ہیں، ہمیں حضور اکرم ﷺ کی سیرت طیبہ اور اسوہ حسنہ کو ہر آ ن سامنے رکھتے ہوئے اپنے معمولات زندگی گزارنے کی کوشش کرنی چاہیے، رسول اکرم ﷺ کی سیرت طیبہ پر خود عمل پیرا ہو کر دوسروں کو بھی خیر کی دعوت دیں، میانہ روی، فلاح عامہ، باہمی اخوت و محبت اور امن و سلامتی کی راہ ہی سیرت طیبہ کی راہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام مینار پاکستان میں منعقدہ 36ویں عالمی میلاد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کانفرنس سے خصوصی خطاب کیا، چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، نائب صدر تحریک منہاج القرآن بریگیڈیئر(ر) اقبال احمد خان، ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور، صوبائی وزیرسید صمصام علی بخاری، پیر سید بلال چشتی، پی ٹی آئی رہنما نذیر احمد چوہان نے کانفرنس میں خصوصی شرکت کی۔

ہندو مذہبی رہنما پنڈت بھگت لال نے نعت رسول مقبول ﷺ پیش کی، معروف نقیب و نعت گو شاعر صاحبزادہ تسلیم صابری، شہزاد برادران نے بارگاہ سرور کونین ﷺ میں گلہائے عقیدت پیش کر کے سماء باندھ دیا۔

صوبائی وزیر سید صمصام علی بخاری نے اپنی گفتگو میں کہا کہ عظیم الشان 36ویں عالمی میلاد کانفرنس کے انعقاد پر تحریک منہاج القرآن کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ پیغمبر امن بن کر مبعوث ہوئے، آپ ﷺ کی نظریاتی، فکری جدوجہد سے نہ صرف عرب کے جزیرے میں امن قائم ہوا بلکہ پوری نسل انسانی کو سکون اور اطمینان ملا، حضور نبی اکرم ﷺ نے ریاست مدینہ کی بنیاد رکھی اور اسلامی نظام حکومت کا اعلیٰ نمونہ پیش کیا جو عدل و انصاف، حقوق و فرائض بین المذاہب رواداری کے زریں اصولوں پر استوار تھا۔

سید صمصام علی بخاری نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی ذات علم و عمل کی آئینہ دار اور بے نظیر و بے مثال ہے، حضورخاتم النبین نے امن اور محبت کا درس دیا، بین المذاہب ہم آہنگی اور میانہ روی کی تعلیم دی، آج 36ویں عالمی میلاد کانفرنس کے سٹیج پر مختلف مذاہب کے رہنماؤں کی موجودگی سے منہاج القرآن کا سٹیج بین المسالک و بین المذاہب ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کا آئینہ دار نظر آرہا ہے۔

ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور نے 36ویں عالمی میلاد کانفرنس میں آنے والے مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ایمان ہے کہ نبی اکرم ﷺ تمام جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجے گئے اور ان کے اسوہ پر چلنے والے کبھی صراط مستقیم سے نہیں بھٹک سکتے، حضور اکرم ﷺ نے تہذیب و شائستگی، ادب و احترام کے ایک ایسے کلچر کی بنیاد رکھی جس میں طاقتور کمزور کے محافظ بنے، مرد خواتین کی عزت اور بوڑھے بچوں سے شفقت کرنے لگیں۔

دریں اثناء 12 ربیع الاول کو حضوراکرم ﷺ کی ولادت باسعادت کی خوشی میں قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی رہائش گاہ پر ضیافت میلاد کا اہتمام کیا گیا جس میں چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خصوصی شرکت کی، ضیافت میلاد میں تحریک منہاج القرآن کے جملہ فورمز کے سربراہان و کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top