منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے زیراہتمام ڈپلومہ ان اسلامک ایجوکیشن کا آغاز
منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے زیراہتمام نوجوان نسل کی تعلیم و تربیت کے لئے ڈپلومہ ان اسلامک ایجوکیشن کا آغاز کیا گیا، ڈپلومہ میں تین سطحیں قائم کی گئی ہیں۔
1۔ پہلی سطح بنیادی اسلامی تعلیم کی ہے جس میں پانچ سے بارہ سال کے بچے آتے ہیں۔ ان بچوں کو قرآن مجید کی حفظ و ناظرہ تعلیم کے ساتھ ساتھ منہاج یورپین کونسل کا تشکیل کردہ نصاب پڑھایا جاتا ہے جو کہ لیول 1 سے 5 تک ہے۔
2۔ دوسری سطح 13 سے 20 سال کے نوجوان طلباء وطالبات کی ہے۔ جس کے لیے حال ہی میں دو سالہ دورانیہ پر مشتمل ایک نہایت جامع کورس ترتیب دیا گیا ہے۔ اس کورس میں پانچ مضامین منتخب کیے گئے ہیں اور ان پانچ مضامین کےلیے خصوصی طور پر نصاب تحریر کیا گیا ہے۔
3۔ تیسری سطح 20 سال سے زائد عمر کے طلباء وطالبات کی ہے جن کو جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن لاہور کے سات سالہ نصاب کے مطابق درس نظامی کی تعلیم دی جا رہی ہے۔
ڈنمارک میں مسلم کمیونٹی کے لوگ اور ان کے بچے ان تین سطحوں میں سے دوسری سطح کے طلباء وطالبات تعلیم و تربیت کے فقدان کی وجہ سے نظر انداز ہو رہے تھے۔ ان کے لیے اب تک نہ تو کوئی خاطر خواہ نصاب تشکیل دیا جا سکا تھا اور نہ ہی کوئی باقاعدہ کلاس چل رہی تھی۔ نظامت تعلیمات نے گذشتہ چند ماہ کی مسلسل محنت اور منصوبہ بندی کے بعد ایک خصوصی نصاب تشکیل دیا ہے۔
1۔ مطالعہ قرآن۔ مختلف موضوعات پرقرآن مجید کی منتخب آیات کا مطالعہ، لفظی و بامحاورہ ترجمہ اور تفسیر
2۔ مطالعہ حدیث۔ مختلف موضوعات پر منتخب احادیث کا مطالعہ، لفظی و بامحاورہ ترجمہ وتشریح، حدیث کی مختلف اقسام کا تعارف
3۔ اسلامی عقائد۔ توحید، رسالت، ملائکہ، آخرت سمیت اسلام کے اہم عقائد کی تعلیم
4۔ اسلامی فقہ۔ طہارت، نماز، روزہ، زکوۃ، حج وعمرہ کے فقہی احکام اور اسلام کے فلسفہ حلال وحرام پر جدید انداز میں تعلیم
5۔ عربی گرائمر۔ صرف ونحو کی ابتدائی تعلیم، قرآن وحدیث میں استعمال ہونے والے الفاظ کی شناخت اور بنیادی گرائمر
16 نومبر 2019 کو اس ڈپلومہ کورس کی پہلی باقاعدہ کلاس کا آغاز کردیا گیا ہے جوکہ ایک ہفتہ وار کلاس ہے اور اس میں ابتدائی طور پر 25 طلبہ و طالبات نے داخلہ لیا ہے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر منہاج ایجوکیشن بورڈ مفتی ارشاد حسین سعیدی نے اس کلاس کے پہلے دن تمام طلبہ و طالبات کو کورس کی بریفنگ دی اور نصاب کا مختصر تعارف کروایا۔ اس بریفنگ میں اساتذہ اور والدین بھی شریک تھے۔ MEB کے جنرل سکرٹری محترم محمد بلال اپل نے بھی خصوصی شرکت کی۔ بعد ازاں اساتذہ نے اپنے اپنے ٹائم ٹیبل کے مطابق کلاسز پڑھائیں۔
رپورٹ : سجاد احمد ساھی، انفارمیشن سیکرٹری نظامت تعلیمات
تبصرہ