منہاج یونیورسٹی لاہور میں لائف اینڈ لرننگ ماڈلز کی منفرد نمائش
تعلیم یافتہ باشعور نوجوان پاکستان کا محفوظ مستقبل ہیں: ڈاکٹر حسین محی الدین قادری
طلبہ نے ماحولیات، ٹریفک، ٹائم مینجمنٹ، آبی ذخائر کے موضوعات پر ماڈل بنائے
لاہور (29 نومبر 2019 ) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے منہاج یونیورسٹی لاہور میں اپنی نوعیت کی منفرد ’’لائف اینڈ لرننگ ماڈل ایگزبیشن‘‘ کے انعقاد پر طلبہ و طالبات کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ باشعور نوجوان پاکستان کا محفوظ مستقبل ہیں۔ دنیا بھر میں حصول تعلیم کےلئے جدید ذرائع تدریس استعمال کئے جاتے ہیں۔ منہاج یونیورسٹی انہی بین الاقوامی سٹینڈرڈ پر طلبہ کو زیور تعلیم سے آراستہ کر رہی ہے۔ صدر منہاج القرآن کو طلبہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایک ہزا سے زائد طلبہ نے گروپوں کی شکل میں 150 ماڈلز تیار کئے ہیں۔ ان ماڈلز کے ذریعے ماحولیاتی آلودگی، ٹریفک کے مسائل، آبی ذخائر کی تعمیر، صحت عامہ، ٹائم مینجمنٹ، قوت ارادی اور فیصلہ سازی جیسے موضوعات کی اہمیت افادیت کو اجاگر کیا گیا ہے۔ ان ماڈلز کے ذریعے انسان کو اپنی ترجیحات کے تعین میں رہنما اصول دیئے گئے ہیں۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل کے میڈیا ڈائریکٹر نور اللہ صدیقی اور منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے ایم ڈی راشد حمید کلیامی نے خصوصی دعوت پر نمائش کا دورہ کیا۔ طلباء و طالبات نے ماڈلز کی بریفنگ دی۔ رہنماؤں نے طلبہ کی ہنر مندی کو سراہا اور انہیں مبارکباد دی۔ منہاج یونیوسٹی لاہور کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد اسلم غوری نے شاندار اور با مقصد نمائش کے انعقاد پر طلبہ طالبات اور ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹس کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ منہاج یونیورسٹی طلبہ کی جدید خطوط پر تعلیم و تربیت پر فوکس کئے ہوئے ہے، باصلاحیت، باشعور، عصری تقاضوں سے آگاہ اور گرد و پیش سے با خبر نوجوان نسل پاکستان کا مستقبل ہے۔
تبصرہ