خطاط مسجد نبوی شریف استاد شفیق الزماں 26 دسمبر کو منہاج یونیورسٹی کا دورہ کرینگے
استاد شفیق الزمان یونیورسٹی میں قائم اسلامک آرٹ اینڈ کرافٹ سنٹر کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب میں لیکچر دینگے
لاہور (24 دسمبر 2019ء) خطاط مسجد نبوی شریف بین الاقوامی شہرت کی حامل شخصیت استاد شفیق الزماں 26 دسمبر جمعرات کو منہاج یونیورسٹی میں قائم شیخ الاسلام انسٹیٹیوٹ علوم تصوف کا دورہ کریں گے، استاد شفیق الزمان منہاج یونیورسٹی میں قائم اسلامک آرٹ اینڈ کرافٹ سنٹر کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب میں طلباء کو اسلامک آرٹ اور خطاطی کے حوالے سے لیکچر بھی دیں گے۔ دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے مسجد نبوی شریف کے خطاط منہاج یونیورسٹی کے اساتذہ سے ملاقات بھی کریں گے۔ ڈائریکٹر اسلامک آرٹ اینڈ کرافٹ سنٹر شفیق فاروقی نے تقریب کے انتظامات اور تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خطاطی کا فن ہمارے جمالیاتی ذوق اور فن شناسی کا عملی اظہار ہے، یہ ہمارے معاشرے کی حقیقی تصویر ہے جسے نمایاں کرنے کی ضرورت ہے، استاد شفیق الزمان کی خطاطی میں فکری جذبات و احساسات،مشاہدات، سوچنے کے زاویے، رب کائنات کے کلام سے محبت اور عشق نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا اظہار نمایاں دکھائی دیتا ہے۔ منہاج یونیورسٹی میں تقریب کے انعقاد کا مقصد اسلامک آرٹ کو فروغ دینااور خطاطی کرنے والے نوجوان ٹیلنٹ کو پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔
تبصرہ