اسلام امن، محبت اور رواداری کا درس دیتا ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری

ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے قائداعظم کے افکار سے رہنمائی لینا ہو گی

Dr Tahir-ul-Qadri's message on 143rd birth anniversary of the Quaid-i-Azam

لاہور (25 دسمبر 2019) قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ ایک ایسے مدبر اور رہنما ہیں جنہوں نے نہ صرف ایک علیحدہ آزاد ملک حاصل کیا ہے بلکہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے ایسے اصول بھی متعین کیے ہیں جو آج بھی اپنے نفاذ اور اطلاق کا مطالبہ کررہے ہیں، قائداعظم رحمۃ اللہ علیہ نے اپنے واضح فکر اور زبردست قائدانہ اوصاف کی بناء پر ایک علیحدہ وطن کے حصول کے لیے عملی جدوجہد کی اور اس میں اللہ تعالیٰ نے انہیں کامیابی عطاء فرمائی، پاکستان کو معاشی، سفارتی اور سماجی بحرانوں سے نکالنے کے لیے قائداعظم کے افکار سے رہنمائی لینا ہو گی، قائداعظم رحمۃ اللہ علیہ کی زندگی کے ہر پہلو سے انصاف پسند اور وضع دار کردار جھلکتا تھا، قائداعظم ایسا پاکستان چاہتے تھے جہاں ہر فرد اپنے مذہب، عقیدے اور سوچ کے مطابق آزادی سے زندگی گزار سکے۔ قوم کے مسائل کا حل اور مشکلات سے نکالنے کے لیے قائداعظم محمد علی جناح کے فرمودات کو مشعل راہ بنانا ہو گا، بانی پاکستان ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی پر کامل یقین رکھتے تھے۔

قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ امن کا پیغام تمام مذاہب کا مشترکہ پیغام ہے، ان خیالات کااظہار انہوں نے تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقدہ تقریب میں بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کہاکوئی بھی مذہب انتہا پسندی، دہشتگردی، تشدد اور نفرت کی تعلیم نہیں دیتا۔ دین اسلام ایک پرامن اور سلامتی کا مذہب ہے جو محبت اور اخوت کی بات کرتا ہے، دین اسلام دوسرے مذاہب کے ساتھ رواداری اور محبت کا درس دیتا ہے، امن، بھائی چارے، مساوات، معاشی و معاشرتی عدل قائم کرنے میں مذاہب کا کلیدی کردار ہوتا ہے، حضور اکر مﷺ کی تعلیمات پر عمل کیا جائے تو اس سے نہ صرف نفرتوں کا خاتمہ ہو گا بلکہ دنیا میں امن قائم ہو گا۔ تقریب میں نائب صدر تحریک منہاج القرآن بریگیڈیئر(ر) اقبال احمد خان، جی ایم ملک، سہیل احمد رضا، عارف چودھری، قاضی فیض الاسلام، چودھری افضل گجر، میاں زاہد جاوید، سعید اختر، سردار غضنفر حسین ایڈووکیٹ، ثاقب بھٹی، طیب ضیاء، علامہ آصف اکبر میر و دیگر رہنما شریک تھے۔ تقریب کے اختتام پر بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ کی یوم ولادت کا کیک بھی کاٹا گیا، ملکی سلامتی اور خوشحالی کیلئے دعائیں بھی کی گئیں۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top