منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام عرفان الہدایہ ٹریننگ کیمپ کا تیسرا روز

مقررین نے خواتین شرکاء کو قرآن فہمی کے حوالے سے لیکچر دئیے، عملی مشقیں بھی کروائیں
قرآن مجید پوری انسانیت کے لیے رشد و ہدایت کا ذریعہ ہے: فرح ناز
قرآن حکیم کو سمجھ کر پڑھنے کی بہت فضیلت ہے: مرکزی نا ظمہ سدرہ کرامت

Irfan ul Hidayah Training Camp 2019

لاہور (25 دسمبر 2019) منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام 9 روزہ عرفان الہدایہ ٹریننگ کیمپ بیت الزہرہ ٹاؤن شپ میں جاری ہے، 9 روزہ عرفان الہدایہ ٹریننگ کیمپ کے تیسرے روز مقررین نے خواتین شرکاء کو تجدید و گرائمر کے علاوہ اسلام کے بنیادی عقائد، بنیادی فقہی مسائل اور قرآن فہمی کے حوالے سے لیکچر دئیے اور عملی مشقیں بھی کروائیں، مقررین نے ٹریننگ کیمپ میں دروس قرآن کے طریقہ کار کی بھی تربیت دی، مرکزی صدر فرح ناز نے کیمپ کے تیسرے روز اپنے خطاب میں کہا کہ قرآن مجید انسانیت کی ہدایت کے لیے حضور اکرم ﷺ پر نازل کیا گیا، اس کتاب ہدایت سے استفادہ انسان تب ہی کر سکتا ہے جو وہ اسے پڑھے گا، اس کی تلاوت اور اس کا مطالعہ کرے گا، قرآن مجید پوری انسانیت کے لیے رشد و ہدایت کا ذریعہ ہے، مسلمانوں کی ترقی، خوشحالی اور کامیابیوں کا انحصار اس مقدس کتاب سے وابستگی پر ہے، قرآن مجید کی تلاوت کرنا باعث برکت ہے اور باعث ثواب بھی ہے۔ اس سے ایمان بڑھتا ہے اور دلوں کا زنگ اترتا ہے۔

ٹریننگ کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی ناظمہ منہاج القرآن ویمن لیگ سدرہ کرامت نے کہاکہ قرآن حکیم کو سمجھنے کیلئے عربی کے بنیادی قواعدسے واقفیت نہایت ضروری ہے تاکہ بغیر کسی مشکل کے ترجمہ کیا جاسکے، انہوں نے کہا کہ اللہ رب العزت کے انعامات میں سے بڑا عظیم انعام یہ بھی ہے کہ اس نے انسان کو قوت گویائی عطاء کی ہے جس کی مدد سے وہ اپنے ذہن میں اٹھنے والے خیالات کو الفاظ کی صورت میں ظاہرکرنے کی قدرت رکھتا ہے۔ یہی صفت انسان کو باقی تمام مخلوقات سے ممتاز کرتی ہے، انہوں نے کہا کہ قرآن حکیم کے نزول کے اصل مقصد کو سمجھنے اور جاننے کیلئے قرآن حکیم کے معانی و مطالب سے آگاہی حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کریم کے نزول کا ایک بنیادی مقصد یہ ہے کہ انسان اس سے ہدایت اور نصیحت حاصل کرے، قرآن حکیم کو سمجھ کر پڑھنے کی بہت فضیلت ہے۔ ٹریننگ کیمپ سے علامہ غلام مرتضیٰ علوی، علامہ منہاج الدین نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top