مسجد نبوی کے خطاط استاد شفیق الزماں کا منہاج یونیورسٹی کا دورہ

خطاطی کا فن ہمارے جمالیاتی ذوق اور فن شناسی کا عملی اظہار ہے: مقررین
حروف تہجی کی ریاضیاتی پیمائش ایک ایسا منفرد فن ہے: ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد
استاد شفیق الزماں کی خطاطی میں کلام الٰہی سے محبت اور عشق نبی نمایاں دکھائی دیتا ہے
استاد شفیق الزماں نے طلبہ کو لیکچر دیا، منہاج یونیورسٹی کی جانب سے عظیم خطاط کو شیلڈ پیش کی گئی

لاہور (26 دسمبر 2019ء) بین الاقوامی شہرت کے حامل مسجد نبوی کے خطاط استاد شفیق الزماں کے اعزاز میں منہاج یونیورسٹی لاہور میں قائم اسلامک آرٹس اینڈ کرافٹ سنٹر کے زیراہتمام تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ خطاطی کا فن ہمارے جمالیاتی ذوق اور فن شناسی کا عملی اظہار ہے، اسلامی تہذیب کے عظیم فن کو آگے بڑھانے کیلئے اس فن سے جڑے تخلیق کاروں کی حوصلہ افزائی وقت کی ضرورت ہے۔ تقریب کی صدارت وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد نے کی، رجسٹرار منہاج یونیورسٹی لاہور کرنل (ر) محمد احمد، ڈائریکٹر اسلامک آرٹس اینڈ کرافٹ سنٹر شفیق فاروقی، ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز شاہد نفیس، سہیل نواز ملہی، قاضی فیض الاسلام سمیت اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد تقریب میں موجود تھی۔ شفیق فاروقی نے عظیم خطاط استاد شفیق الزماں کو خوش آمدید کہا۔ استاد شفیق الزماں نے اسلامک آرٹ اور خطاطی کے حوالے سے خصوصی لیکچر دیا۔

وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد نے اپنی گفتگو میں کہا کہ خطاطی ایک ایسا فن ہے جس میں حروف کو منفرد اور دلکش انداز میں لکھا جاتا ہے، ابجد یعنی حروف تہجی کی ریاضیاتی پیمائش ایک ایسا منفرد فن ہے جس میں مہارت حاصل کرنے والوں نے اپنی عمریں صرف کر دی ہیں۔ استاد شفیق الزماں کا شمار بھی ایسے ہی نامور اساتذہ میں ہوتا ہے، استاد شفیق الزماں نے قرآنی آیات کی خطاطی کرتے ہوئے قرآن مجید کی مختلف سورتوں کی کتابت کی، استاد شفیق الزماں کی خطاطی میں رب کائنات کے کلام سے محبت اور عشق نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا اظہار نمایاں دکھائی دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی اس تقریب کے انعقاد کا مقصد استاد شفیق الزماں کو خراج تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ اسلامک آرٹ کو فروغ دینا اور خطاطی کرنے والے نوجوان ٹیلنٹ کو پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔ استاد شفیق الزماں نے مسجد نبوی میں آیات قرآنی لکھ کر اپنی عقیدت و محبت کا اظہار کیا تو سعودی حکومت سمیت دنیا کے بہت سے ممالک نے انہیں اعزازات سے نوازا جو یقینا پاکستان کے لیے فخر کی بات ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شفیق فاروقی نے کہا کہ استاد شفیق الزماں نے اپنے فن سے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا، استاد شفیق الزماں نے منہاج یونیورسٹی میں شعبہ شیخ الاسلام علوم تصوف انسٹیٹیوٹ کا بھی دورہ کیا، انہوں نے منہاج یونیورسٹی کی مسجد میں موجود خطاطی اورخوبصورت تعمیر کی بھی تعریف کی۔ وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد نے استاد شفیق الزماں کو فن خطاطی کے لیے شاندار خدمات پر شیلڈ کا تحفہ پیش کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top