راولپنڈی: منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام 25 ویں سالانہ شادیوں کی اجتماعی تقریب
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام 25 ویں سالانہ 7 جوڑوں کی شادیوں کی اجتماعی پُروقار تقریب راولپنڈی میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی سید امجد علی شاہ ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن تھے۔ تقریب میں مختلف جماعتوں کے سیاسی، سماجی، مذہبی رہنما بھی شریک تھے۔ تقریبِ سعید کا آغاز تلاوت کلام اور نعت رسول مقبول ﷺ سے ہوا۔ باراتوں کی آمد کا سلسلہ دن 10 بجے سے دوپہر 1 بجے تک جاری رہا، ڈھول اور فوجی بینڈ سے باراتیوں کا استقبال کیا گیا۔ تحریک منہاج القرآن کے مرکزی، صوبائی و ضلعی رہنماؤں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے، ہار پہنا کر دولہوں اور باراتیوں کا استقبال کیا۔ پنڈال کو رنگ برنگی جھنڈیوں سے سجایا گیا تھا۔
اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے سید امجد علی شاہ ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن انسانیت کی خدمت کو عبادت سمجھ کر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی مذہبی، تعلیمی اور فلاحی خدمات قابلِ تقلید ہیں۔ بانی تحریک امن و سلامتی کے حقیقی سفیر ہیں انہوں نے نفرتوں کو محبتوں سے بدلنے کا جو مشن شروع کیا ہے وہ پوری دنیا میں انہیں ممتاز کرتا ہے۔
سید امجد علی شاہ ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے کہا کہ ہر فرد دوسروں کو خوشیاں بانٹنے کا عظیم کام ضرور کرے کیونکہ غربت، جہالت اور پسماندگی کا خاتمہ کرنا سُنتِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے بے سہارہ اور یتیم بچوں کے منصوبے آغوش سمیت دیگر فلاحی اور تعلیمی منصوبوں کو دوسروں کے لئے مثال بنا دیا ہے انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کے زیر اہتمام اب تک 28 سو سے زائد بے سہارا بیٹیوں کی شادیاں کی جا چکی ہیں۔ اب وہ بیٹیاں اپنے گھروں میں خوشحال زندگی گزار رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تحریک منہاج القرآن کا یہ طرہ امتیاز ہے کہ اس نے معاشرے میں باہمی اخوت اورمحبت کے جذبے کو اجاگر کیا اور آج ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی زیر قیادت دنیا بھر میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن دکھی انسانیت کی خدمت کر رہی ہے۔
تقریب سے مظہر الحق، فخر الزمان عادل، ناہید راجپوت، ناہید مظہر نے بھی خطاب کیا۔
اجتماعی شادیوں کی تقریب میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے نوبیاہتا جوڑوں کو تحفے میں الماری، ڈبل بیڈ، کرسیاں، میز، پیٹی، اٹیچی کیس، سلائی مشین، واشنگ مشین، پنکھا، استری، کلاک، سٹیل برتن، ڈنر سیٹ، پلاسٹک برتن، رضائی ڈبل بیڈ، تکیے، کھیس، دریاں، واٹر سیٹ، ٹی کپ، میک اپ سامان و دیگر ضروریات زندگی کا سامان، دلہن کو زیور اور دلہا کوگھڑی کا تحفہ دیاگیا۔ فی جوڑے کو تقریبا پونے دو لاکھ کا گھریلو سامان تحفے میں دیا گیا۔ تقریب میں 1ہزار سے زائد مہمانوں کو پرتکلف کھانا دیاگیا۔
تقریب میں شریک مقررین نے کہا انسانیت کی خدمت بہترین عبادت ہے، اولیاء اللہ انسانیت سے محبت کے باعث آج تک انسانوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی زیر سرپرستی تحریک منہاج القرآن خدمت انسانیت میں مصروف عمل ہے۔ فلاحی کام اور انسانیت کی خدمت اسلام کی روح ہے۔ انہوں نے کہا کہ شادیوں کی اجتماعی تقریب کے کار خیر میں حصہ لینے والے مخیر مبارک باد کیے مستحق ہیں۔
تقریب میں شریک سیاسی اور مذہبی رہنماؤں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن انسانیت کی خدمت کر رہی ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری وہ واحد شخصیت ہیں جو تعلیم کو فروغ دے رہے ہیں، غریب بچوں اور بچیوں کے سروں پر دست شفقت رکھے ہوئے ہیں۔ تقریب میں شریک دولہوں اور دولہنوں کا نکاح منہاج القرآن علماء کونسل کے رہنماؤں نے باری باری پڑھایا۔ دولہنوں کو قرآن پاک کے سایے میں دعاؤں کے ساتھ رخصت کیا گیا۔ آخر میں دعا کیساتھ تقریب کا باقاعدہ اختتام ہوا۔
تبصرہ