منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام 7 روزہ عرفان الہدایہ ٹریننگ کیمپ کی اختتامی تقریب

خواتین کو قرآنیات، تجوید، گرائمر، تفسیر، ترجمہ، عرفان الحدیث، اصول حدیث، تجوید و قرآت کے اصول سکھائے گئے
انسانیت کی بھلائی کےلئے قرآن و سنت سے بڑھ کر کوئی روشنی اور ذریعہ ہدایت نہیں: جی ایم ملک
منہاج القرآن قرآن و سنت، امن روداری، احترام آدمیت پر مبنی پیغام عام کررہی ہے: بیرسٹر عامر حسن
منہاج القرآن ویمن لیگ نے قرآنی علوم کو فروغ دینے کےلئے خاص طور پر ’’الہدایہ پراجیکٹ‘‘ شروع کیا ہے: فرح ناز
اختتامی تقریب سے سعید رضا بغدادی، سدرہ کرامت، عائشہ مبشر، اقرا مبین، فاطمہ سعید، حاجرہ قطب اعوان، ادیبہ شہزادی کا خطاب

Minhaj-ul-Quran Women League organizes Irfan ul Hidayah training camp 2019

لاہور (29 دسمبر 2019) منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام 7 روزہ عرفان الہدایہ ٹریننگ کیمپ مکمل ہو گیا، عرفان الہدایہ ٹریننگ کیمپ میں خواتین کو قرآنیات، تجوید، گرائمر، تفسیر، ترجمہ، عرفان العقائد، عرفان الحدیث، اصول حدیث، فن خطابت، تدریسی مہارت اور قرآنی انسائیکلوپیڈیا خصوصی کورسز، عربی قواعد و ضوابط کے ساتھ ساتھ تجوید و قرآت کے اصول سکھائے گئے۔ ٹریننگ کیمپ میں 20 سے زائد شہروں سے سینکڑوں خواتین نے شرکت کی۔ 7 روزہ تربیتی کورسز کی اختتامی تقریب کی صدارت ناظم امور خارجہ منہاج القرآن انٹرنیشنل جی ایم ملک نے کی، پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات بیرسٹر عامر حسن مہمان خصوصی تھے۔ مرکزی صدر منہاج القرآن ویمن لیگ فرح ناز، ڈائریکٹر کورسز سعید رضا بغدادی، مرکزی ناظمہ منہاج القرآن ویمن لیگ سدرہ کرامت، منہاج الدین قادری، عائشہ مبشر، فاطمہ سعید، حاجرہ قطب اعوان، اقرا مبین، ادیبہ شہزادی، ام کلثوم، سمیت مذہبی، سیاسی، علمی، سماجی خواتین رہنماؤں کی بڑی تعداد شریک تھی۔

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جی ایم ملک نے کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ نے عرفان الہدایہ ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد کر کے ایک بڑی دینی خدمت انجام دی ہے۔ 7 روزہ ٹریننگ ورکشاپ سے سینکڑوں خواتین نے بہت کچھ سیکھا۔ تحریک منہاج القرآن دین مبین کے احیاء اور تجدید کی تحریک ہے۔ تحریک منہاج القرآن کی بنیاد روز اول سے قرآن اور قرآنی تعلیمات پر رکھی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ اور بنی نوع انسانیت کی بھلائی کےلئے قرآن و سنت سے بڑھ کر کوئی روشنی اور ذریعہ ہدایت نہیں ہے۔ تحریک منہاج القرآن کی ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ قرآنی تعلیمات کو عوام الناس تک پہنچایا جائے، ہر کلمہ گو کا حق ہے کہ اسے ان تعلیمات سے روشناس کرایا جائے۔ قرآن فہمی کی اس جدوجہد میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی خدمات قابل تحسین ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر عامر حسن نے کہا کہ قرآن کریم انسانیت کی ہدایت کیلئے نازل کیا گیا، اس کی تلاوت، اس کی سماعت، اس پر غور و فکر کرنا، اس کے معنی اور مطالب کو سمجھنے کی کوشش کرنا، اس کی تعلیمات سے زندگیوں کو روشن کرنا اور اس کے بتائے ہوئے طریقے کے مطابق زندگی گزارنے میں ہی کامیابی و کامرانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن قرآن و سنت کا علم، امن روداری، احترام آدمیت پر مبنی پیغام عام کررہی ہے۔ عرفان الہدایہ ٹریننگ کیمپ کے انعقاد پر میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی جملہ عہدیداران اور سکالرز کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور دعا گو ہوں کہ خدمت دین کی اس جدوجہد کو اللہ تعالیٰ قبول کرے۔ تحریک منہاج القرآن کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ انکی رہنمائی میں سینکڑوں سکولز، درجنوں کالجز، عالمی معیار کی منہاج یونیورسٹی ملک میں جہالت کے اندھیرے دور کر کے علم کے چراغ روشن کر رہی ہے۔

مرکزی صدر منہاج القرآن ویمن لیگ فرح ناز نے عرفان الہدایہ پراجیکٹ کی غرض و غایت بیان کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ ملک کے تمام شہروں میں ’’الہدایہ پروجیکٹ‘‘ کے تحت دروس قرآن، ٹریننگ ورکشاپس کا اہتمام کر رہی ہے۔ ان دروس اور ٹریننگ ورکشاپس میں بنیادی عقائد، امن پسندی اور رواداری پر مبنی موضوعات پر لیکچر دئیے جا رہے ہیں۔ منہاج القرآن ویمن لیگ نے قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی ہدایات کے مطابق خواتین میں قرآنی علوم کو فروغ دینے کےلئے خاص طور پر ’’الہدایہ پراجیکٹ‘‘ شروع کئے ہیں۔ انہوں نے عرفان الہدایہ ٹریننگ ورکشاپ کا مقصد قرآن و حدیث کے درس و تدریس کو معاشرے میں عام کرنا ہے۔ امت مسلمہ کی خواتین میں فکری و شعوری بیداری پیدا کرنا ہے۔

ڈائریکٹر کورسز سعید رضا بغدادی نے کہا کہ قرآن انسانیت کی ہدایت کےلئے نازل کیا گیا ہے، اسکے معنیٰ اور مطالب کو سمجھنے کی کوشش کرنا، قرآن کی تعلیمات سے زندگیوں کو روشن کرنا اور قرآن حکیم کے بتائے ہوئے طریقے کے مطابق زندگی گزارنے میں ہی کامیابی و کامرانی ہے۔ عرفان الہدایہ کورسز میں خواتین میں قرآن پاک کا ترجمہ سمجھنے اور ترجمہ کرنے کی صلاحیت پیدا کی جاتی ہے۔ اسما ء و افعال اور حروف کی پہچان کرواتے ہوئے ترجمہ کروایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ قرآن مجید کی عظمتوں اور رفعتوں کی کوئی انتہا نہیں، ہدایت، اصلاح، انقلاب، ظاہر و باطن کی درستگی اور دنیا و آخرت کی تمام تر بھلائیوں و کامیابیوں کو اللہ تعالیٰ نے اس میں جمع کررکھا ہے، قرآن حکیم میں علوم و معارف، اسرار و حکمت کی تمام باتیں بیان کی گئی ہیں۔

مرکزی ناظمہ منہاج القرآن سدرہ کرامت نے کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ کی کوشش ہے کہ امت مسلمہ کو قرآن کی تعلیم کی طرف لایا جائے تاکہ قرآن اور صاحب قرآن سے تعلق مضبوط ہو سکے۔ ملک بھر میں ہزاروں خواتین عرفان الہدایہ کورسز سے بہرہ ور ہورہی ہیں۔ عرفان الہدایہ کورسز کا مقصد قرآن و حدیث کے درس و تدریس کو معاشرے میں عام کرنا ہے، قرآن و حدیث کی تدریس کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے آسان بنانا اور مسلم امت کی خواتین میں فکری و شعوری بیداری پیدا کرنا ہے۔

تقریب سے عائشہ مبشر، ہاجرہ بی بی، انیسہ فاطمہ، اقراء مبین، ادیبہ شہزادی نے بھی خطاب کیا۔ اختتامی تقریب میں عرفان الہدایہ ٹریننگ ورکشاپ میں شریک خواتین کو اسناد دی گئیں، امت مسلمہ اور پاکستان کی سربلندی کیلئے دعا کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top