طلباء عصر حاضر کی جدید تعلیم سے خود کو ہم آہنگ کریں: ڈاکٹر طاہرالقادری

ملک و قوم کی امید نوجوان ہیں جن کا شاندار مستقبل اعلیٰ تعلیم سے وابستہ ہے
اسلام میں تمام نافع علوم مطلوب اور پسندیدہ ہیں: قائد تحریک منہاج القرآن
منہاج سکول آف اسلامک سائنسز ڈنمارک کے درس نظامی کے پہلے بیج کے فارغ التحصیل طلباء و طالبات سے خطاب
تقریب میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے رہنماؤں، اساتذہ، والدین، طلباء اور کمیونٹی کے افراد کی بڑی تعداد میں شرکت
کانووکیشن سے علامہ ارشاد حسین سعیدی، حافظ محمد ادریس الازہری، شیخ محمد اشفاق، ڈاکٹر عرفان ظہور احمد و دیگر نے بھی خطاب کیا

لاہور (30 دسمبر 2019ء) بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ ملک و قوم کی امید نوجوان ہیں جن کا شاندار مستقبل اعلیٰ تعلیم سے وابستہ ہے، پاکستان میں جدید علوم و فنون اور تحقیق کے شعبہ جات کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کی ضرورت ہے، عالم اسلام جب تک تحقیق سے وابستہ رہا دنیا کی امامت کرتا رہا، جب سے ہم نے علوم و فنون کو ثانوی حیثیت دی تو ہم ثانوی قوم ہی بن کر رہ گئے ہیں۔ طلبہ عصر حاضر کی جدید اور بامقصد تعلیم سے خود کو ہم آہنگ کریں۔ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی جدید علوم کے فروغ اور تحصیل میں ہے۔ قرآن و حدیث میں علم کو فلاح اور کامیابی کا ذریعہ قرار دیا گیا ہے، اہل علم کی بہت زیادہ فضیلت بیان کی گئی ہے، علم انسان کو پستی سے بلندی کی طرف لے جاتا ہے، علم غیر تہذیب یافتہ اقوام کو تہذیب کی دولت سے مالا مال کرتا ہے۔ قرآن حکیم کی پہلی آیت جو اللہ تعالیٰ نے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر نازل فرمائی وہ علم ہی سے متعلق ہے، علم انسان میں ایمان اور یقین کی دنیا آباد کرتا ہے اور بھٹکے ہوئے لوگوں کو سیدھا راستہ دکھاتا ہے، تعلیم و تربیت درس و تدریس دین اسلام کا جزو لاینفک ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج سکول آف اسلامک سائنسز ڈنمارک کے درس نظامی کے پہلے بیج کے فارغ التحصیل طلباء و طالبات سے بذریعہ ویڈیو لنک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ منہاج سکول آف اسلامک سائنسز ڈنمارک کے طلبا و طالبات نے درس نظامی الشہادۃ الثانویہ کی تکمیل پر ڈگری حاصل کر کے منہاج القرآن انٹرنیشنل کی دنیا بھر کی تنظیمات میں پہلا اعزاز حاصل کیا ہے۔ منہاج سکول آف اسلامک سائنسز ڈنمارک میں کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز لاہور کے نصاب کے مطابق الشہادۃ الثانویہ کی تعلیم دی جاتی ہے۔ ڈگری حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کے اعزاز میں منعقدہ کانووکیشن میں منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے قائدین، رفقاء، کارکنان، اساتذہ کرام، والدین اور کمیونٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے ڈگری حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات اور اساتذہ کرام کو مبارکباد دی۔

قائد منہاج القرآن نے منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک اور منہاج ایجوکیشن بورڈ کے عہدیداران مفتی ارشاد حسین سعیدی، حافظ محمد ادریس الازہری، شیخ محمد اشفاق، ڈاکٹر عرفان ظہور احمد، حافظ سجاد احمد، رضوان احمد چودھری، محمد بلال اوپل، محمد ادریس الازہری، شاہنواز اوپل، سجاد احمد ساہی و دیگر عہدیداران کو ان کی کاوشوں پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب میں محمود شاہ، قاری اللہ بخش نقشبندی، ظہیر عباس بلالی، علامہ محمد اعجاز ملک، علامہ اشتیاق الازہری، علامہ عتیق احمد ہزاروی، علامہ نفیس احمد و دیگر اہم شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ کانووکیشن میں درس نظامی کے طلباء و طالبات کے ساتھ ساتھ شعبہ حفظ و ناظرہ،اردو اور اسلامک ایجوکیشن کے طلباء و طالبات میں بھی اسناد،شیلڈز اور میڈلز تقسیم کیے گئے۔ شیخ الاسلام کا مزید کہنا کہ اسلام میں علم کا مقام بہت بلند اور ارفع ہے، اسلام حصول علم کو دینی فریضہ قرار دیتا ہے۔ اسلام میں علم کے بارے میں کوئی محدودیت نہیں، دین اسلام میں تمام نافع علوم مطلوب اور پسندیدہ ہیں۔ ڈائریکٹر منہاج ایجوکیشن بورڈ علامہ مفتی ارشاد حسین سعیدی نے اپنے خطاب میں نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ بامقصد تعلیم و تربیت پر توجہ دیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top