خدمت خلق میں سبقت لینا بھی عبادت ہے: عین الحق بغدادی

غریبوں، مسکینوں، یتیموں اور محتاجوں کا خیال رکھنا احترام انسانیت ہے
ایثار اور ہمدردی سے غم مٹتے اور خوشیاں جنم لیتی ہیں: جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب

Jumma gathering

لاہور (3 جنوری 2020) تحریک منہاج القرآن کے سینئر مرکزی رہنما، فرید ملت ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے سکالر عین الحق بغدادی نے کہا ہے کہ ایثار اور ہمدردی ایک ایسا عمل ہے جس سے معاشرہ بدحالی سے خوشحالی اور بے سکونی سے راحت کی طرف گامزن ہوتا ہے، ایثار اور ہمدردی سے غم مٹتے اور خوشیاں جنم لیتی ہیں، دین اسلام بقائے باہمی کا نہ صرف نظریہ پیش کرتا ہے بلکہ اس نظریے کو اپنانے کی تعلیم بھی دیتا ہے، معاشرتی ضرورت و اہمیت کے پیش نظر ایثار اور ہمدردی کی قرآن اور احادیث مبارکہ میں بہت تلقین کی گئی ہے، خدمت خلق میں ایک دوسرے پر سبقت لینا بھی عبادت ہے۔ غریبوں، مسکینوں، یتیموں اور محتاجوں کا خیال رکھنا احترام انسانیت ہے، دین اسلام میں تمام انسانیت کی فلاح و بہبود کے احکامات موجود ہیں۔ اسلام بہن، بھائیوں سے لیکر پڑوسیوں تک، مسلمانوں سے لیکر غیر مسلموں تک، انسانوں سے لیکر حیوانات تک ہر ایک سے حسن سلوک کا حکم دیتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ انسانی خدمت کو محض مفادات اور بیان کی بھینٹ نہ چڑھایا جائے بلکہ یہ وہ پھول ہیں جن کی بدولت اپنی عملی زندگی کے چمن میں بہاریں لائی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روز مرہ کی زندگی میں ایسے کئی مواقع آتے ہیں جب آپ اور آپ کا کوئی دوسرا بھائی دونوں برابر کے شریک ہوں تو وہاں اپنے بھائی کی ضرورت کا خیال رکھتے ہوئے اسے ترجیح دیں، اس سے دلوں میں محبت بھی پیدا ہو گی اور انسانی معاشرہ اسلامی طرز کے مطابق بھی ڈھلے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کے کام آنے کے مواقع ہم سے تھوڑا سا ایثار چاہتے ہیں، معمولی سی قربانی چاہتے ہیں، اگر ہم سب تہیہ کر لیں کہ ہم ایثار و ہمدردی کی صفت کو اپنائیں گے تو یقین کر لیں معاشرہ امن، خوشحالی کا گہوارہ بن جائیگا۔ اسلام صرف عبادات کا ہی دین نہیں بلکہ حسن معاشرت بھی اس کی روشن قندیل ہے۔ عین الحق بغدادی نے اپنے خطاب میں کہا کہ بارگاہ نبوی ﷺ میں ایک شخص آیا تو حضور اکرم ﷺ نے اس کو ایک بڑا ریوڑ بکریوں کا عطا فرمایا وہ شخص اپنے خاندان اور قبیلے میں واپس جا کر کہنے لگا اے لوگو اسلام لے آؤ کیونکہ محمد ﷺ اتنا دیتے ہیں کہ اپنے فقیر ہونے کی بھی پروا نہیں کرتے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top