سلطان علی کو علاج کی سہولیات مہیا کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے : سردار شاکر مزاری
برین ٹیومر کے مریض سلطان علی کو ہتھکڑیاں پہنا کر ہسپتال میں رکھنا شرمناک عمل ہے : نائب ناظم اعلیٰ منہاج القرآن
شہدائے ماڈل ٹاءون کے ورثاء ساڑھے 5 سال سے انصاف کےلئے عدالتوں کی طرف دیکھ رہے ہیں
ملک لوٹنے والے قومی مجرموں کو ائیر ایمبولینس کے ذریعے علاج کےلئے بیرون ملک بھجوایا گیا
قاتلوں کو جیلوں میں سہولتیں دی گئیں، بے گناہ غریب قیدیوں کو موت کے منہ میں دھکیلا جا رہا ہے
100 سے زائد بے گناہ کارکن تاحال جیلوں میں ناکردہ گناہوں کی پاداش میں سزائیں بھگت رہے ہیں
برین ٹیومر جیسی مہلک مرض اورپابند سلاسل ہونے کے باوجود سلطان علی کا حوصلہ قابل تحسین ہے
زمان خان اعوان، احسان سعیدی، پروفیسر جاوید اختر زواری کی نشتر ہسپتال ملتان میں اسیر انقلاب سلطان علی سے ملاقات
لاہور (3 جنوری 2020ء) تحریک منہاج القران کے مرکزی نائب ناظم اعلیٰ سردار شاکر مزاری نے کہا ہے کہ منہاج القرآن کا ہر کارکن کل بھی پرعزم تھا اور آج بھی ان کے ولولوں میں کوئی کمی نہیں آئی، سانحہ ماڈل ٹاءون کے شہید، زخمی اور اسیر ہمارا فخر اور اثاثہ ہیں، ان کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھلا سکتے، شہیدوں کے انصاف کے لیے قانونی جنگ زندگی کی آخری سانس تک جاری رہے گی۔ ساڑھے پانچ سال گزر گئے شہداء کے ورثاء کو انصاف نہیں ملا، انصاف کے حصول تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، قاتلوں کو شہیدوں کے خون کے قطرے قطرے کا حساب دینا ہو گا، قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ہ میں امن، محبت اور رواداری کی تعلیم دی ہے، ہم امن پسند لوگ ہیں مگر ہماری امن پسندی کو ہماری کمزوری ہر گز نہ سمجھا جائے۔ ہمارے کارکنوں نے ظالم، کرپٹ اور قاتل حکمرانوں کے ظلم وستم کا مقابلہ کیا۔ ماڈل ٹاءون میں ظالم حکمرانوں نے ہمارے بے گناہ کارکنوں کا خون بہایا، ساڑھے پانچ سال سے انصاف کے لیے عدالتوں کا دروازہ کھٹکھٹارہے ہیں، حصول انصاف کیلئے ستر دن تک اسلام آباد کی سڑکوں پر دھرنا دیا۔ ہمارے بے گناہ کارکنان کو دہشتگردی کے مقدموں میں سزا سنائی گئی اورپابند سلاسل کیا گیا۔ جیل میں علاج کی سہولیات سے محروم رکھا گیا جس وجہ سے ہمارا ایک کارکن اسیر انقلاب ہمایوں بشیر پچھلے دنوں شیخوپورہ جیل میں انتقال کرگیا۔ اب برین ٹیومر کے مریض سلطان علی کو ہتھکڑیاں پہنا کر ہسپتال میں رکھا گیا ہے۔ علاج کی مناسب سہولت بھی نہیں دی جا رہی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نشتر ہسپتال ملتان میں اسیر انقلاب سلطان علی سے ملاقات اور انکی عیادت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انکے ہمراہ ضلعی رہنما زمان خان اعوان، احسان سعیدی، پروفیسر جاوید اختر زواری، حسنین شاہ بخاری، ارشد قادری، شاہد ہاشمی، عمیر ہاشمی، محمد رفیق نورانی، شبیر ہمڑ، ساجد جامی، شہزادالحسن ہمڑ اورسلطان علی کے صاحبزادے حسنین بھی موجودتھے۔
سردار شاکر مزاری نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن ایک جماعت نہیں بلکہ ایک خاندان کا نام ہے۔ کارکنان ہمارے ماتھے کا جھومر، ہمارا فخر اور سرمایہ ہیں، ہم اپنے کارکنان کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ برین ٹیومر میں مبتلاسلطان علی کو علاج کی بہترین سہولیات مہیا کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک لوٹنے والے بد معاشوں اور قاتلوں کو ائیر ایمبولینس کے ذریعے علاج کےلئے بیرون ملک بھجوایا گیا جبکہ بے گناہ سلطان علی کو ہسپتال کے بیڈ پر بھی ہتھکڑیاں لگائی گئیں۔ قاتلوں، قومی مجرموں کو تحفظ دینے کے یہ قوانین انصاف کے راستے کی سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ بے گناہوں کا قتل عام کرنیوالوں کو جیلوں میں سہولتیں دی گئیں جبکہ بے گناہ غریب قیدیوں کو موت کے منہ میں دھکیلا جا رہا ہے۔ ہمارے 100 سے زائد بے گناہ کارکن تاحال جیلوں میں ناکردہ گناہوں کی پاداش میں سزائیں بھگت رہے ہیں نہ تو ان کی اپیلیں سنی جا رہی ہیں اور نہ ہی غریب قیدیوں کو علاج کی سہولیات مل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سلطان علی کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ برین ٹیومر جیسی مہلک مرض اورپابند سلاسل ہونے کے باوجود سلطان علی کا حوصلہ قابل تحسین ہے۔ کارکنان کی قربانیاں پاکستانی عوام اور ملکی استحکام کےلئے ہیں۔ اس موقع پر منہاج القرآن کے رہنماءوں نے سلطان علی کے ساتھ عقیدت و محبت اور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پیغام دیا کہ پوری تحریک اپنے کارکنوں کے ساتھ کھڑی ہے، رہنماءوں نےسلطان علی صحت و سلامتی کیلئے خصوصی دعا کی۔
تبصرہ