مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام گلگت بلتستان کے طلبہ کا ونٹر سٹڈی کیمپ شروع
مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے 50 طلبہ کیلئے ونٹر سٹڈی و تربیتی کیمپ ٹاؤن شپ میں شروع ہو گیا۔ کیمپ ایک ماہ تک جاری رہے گا۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ لاہورکے صدراخلاق حسین، فراز ہاشمی و دیگر رہنماؤں نے گلگت بلتستان سے آئے طلبہ کے وفد کو تربیتی کیمپ میں خوش آمدید کہا۔ سیکرٹری جنرل مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ ضلج انقلابی، صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کشمیر میر احسن منیر، صدر گلگت بلتستان حسن علی،علامہ سرفراز، احسان سنبل و دیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ضلج انقلابی نے کہا کہ گلگت بلتستان کے نوجوان محب وطن، باصلاحیت علم و امن دوست ہیں۔ مشکلات کے باوجود گلگت بلتستان کے طلبہ نے ہمیشہ ملکی تعمیر و ترقی کیلئے کی جانیوالی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ ملک میں قیام امن کیلئے گلگت بلتستان کے طلبہ کی عملی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ تحریک منہاج القرآن تعلیم و امن کے فروغ کیلئے اسلام کا پر امن تشخص اجاگر کرنے کی تحریک ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری فرقہ واریت کے خاتمے، انصاف و عدل کے قیام سے ملک کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔
صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ لاہور اخلاق حسین نے کہاکہ منہاج القرآن نے ہمیشہ گلگت بلتستان کے تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلباء کو خوش آمدید کہا ہے۔ منہاج القرآن کے تعلیمی اداروں میں گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو ہمیشہ اہمیت دی ہے۔ گلگت بلتستان کے طلباء کیلئے آئندہ بھی ایسی تربیتی نشستوں کا انعقاد کرتے رہیں گے۔ ہماری کوشش ہے کہ خوبصورت جنت نظیر وادیوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کی تعلیم و تربیت کیلئے اس طرح کی ورکشاپس اور کیمپس کا انعقاد ہوتا رہے۔ اس موقع پر گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بلوچستان میں حالیہ بارشوں اور برفباری کے نتیجے میں شہید ہونیوالوں کےلئے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کےلئے دعا کی گئی۔
تبصرہ