منہاج یونیورسٹی میں تواتر کیساتھ بین الاقوامی کانفرنسز کا انعقاد خوش آئند ہے: خرم نواز گنڈاپور

منہاج القرآن کے تعلیمی ادارے عصری ضروریات کے مطابق تعلیم و تربیت فراہم کررہے ہیں
تیسری عالمی، اسلامی اقتصادی کانفرنس اسلامی بینکنگ کے فروغ کیلئے سنگ میل ثابت ہو گی، وفد سے گفتگو
عالم اسلام کو مستحکم معاشی بنیادوں پر عالمی اقتصادی تشخص قائم کرنیکی اشد ضرورت ہے: ناظم اعلیٰ منہاج القرآن

3rd World Islamic Economics & Finance Conference (WIEFC 2020)

لاہور (16 جنوری 2020ء) ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ منہاج القرآن کے تعلیمی ادارے عصری ضروریات کے مطابق تعلیم و تربیت فراہم کررہے ہیں، منہاج یونیورسٹی میں ہونے والی کانفرنسز نے مذاہب کے درمیان علمی، تحقیقی رابطوں کو فعال بنانے کے لیے ہمیشہ پل کا کردار ادا کیا ہے۔ منہاج یونیورسٹی کے پروگرامز اور انٹرنیشنل کانفرنسز کا بنیادی مقصد بین المذاہب رواداری کافروغ، غلط فہمیوں کا تدارک، احترام انسانیت اور برداشت کے کلچر کو فروغ دینا ہے۔ منہاج یونیورسٹی میں بین المذاہب رواداری، سائنس و مذہب اور اسلامی بینکنگ و دیگر اہم موضوعات پر تواتر کے ساتھ بین الاقوامی کانفرنسز کا انعقاد خوش آئند ہے جس پر یونیورسٹی کے جملہ منتظمین مبارکباد کے مستحق ہیں۔ منہاج یونیورسٹی میں ہونے والی کانفرنسز میں طلبہ کو موضوعات کے مطابق دنیا کی اہم علمی شخصیات کو سننے کا موقع ملتا ہے، ڈائیلاگ کے علمی کلچر کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے اور اس اہم عمل کو جاری رہنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ریلیشنز تحریک منہاج القرآن کے رہنماؤں شہزاد رسول چودھری، حاجی محمد اسحاق، عبدالحفیظ چودھری، الطاف حسین رندھاوا سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ امن کے قیام، انتہا پسندی کے خاتمے اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے تمام مذاہب کے نقطہ نظر سامنے آنا چاہیے اور سمجھنا چاہیے، اس حوالے سے مذاہب کے درمیان ڈائیلاگ انتہائی ضروری ہیں۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ منہاج یونیورسٹی لاہور کے زیر اہتمام تیسری 2 روزہ عالمی اسلامی اقتصادی کانفرنس جو 25 اور 26 جنوری کو منعقد ہورہی ہے۔ اسلامی بینکنگ کی ترقی کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہو گی، انہوں نے کہا کہ اس وقت عالم اسلام کو مستحکم معاشی بنیادوں پر عالمی اقتصادی تشخص قائم کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ منہاج یونیورسٹی نے پاکستان اور عالم اسلام کو اقتصادی اعتبار سے درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اہم موضوع پر بین الاقوامی مقالمے کی بنیاد رکھی ہے اور یہ سلسلہ تواتر کے ساتھ جاری ہے۔ پبلک ریلیشنز کے رہنماؤں نے خرم نواز گنڈاپور کو بتایا کہ کانفرنس میں اہم معیشت دان، بینکرز، انٹرنیشنل ریسرچرز سمیت اہم سیاسی، سماجی، مذہبی شخصیات بھی شرکت کریں گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top