اصل زندگی دوسروں کیلئے جینا ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری

منہاج القرآن کے جملہ تعلیمی، تربیتی پروگرام انسانیت کی خدمت اور کردار سازی کیلئے ہیں
قائد تحریک منہاج القرآن کا مجلس ختم الصلوۃ علی النبی کے ماہانہ پروگرام سے ویڈیولنک پر براہ راست خطاب

Monthly Spiritual Gathering of Gosha e Durood

لاہور (2 فروری 2020ء) قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ فی زمانہ انسانیت پر محنت کرنے کی ضرورت ہے، بالخصوص نوجوانوں کی کردار سازی پر وسائل صرف کیے جائیں، اگر امت مسلمہ کے جملہ ممالک چاہتے ہیں کہ ان کے عوام امن، خوشحالی اور سلامتی کی نعمتوں سے بہر مند ہوں تو وہ نئی نسل کی تعلیم و تربیت پر توجہ مرکوز کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن کے زیر اہتمام منعقدہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی کے موقع پر منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجتماع میں جی ایم ملک، سید مشرف حسین شاہ، نوراللہ صدیقی، جواد حامد، حافظ غلام فرید، چودھری عرفان یوسف مظہر علوی سمیت لاہور کے تمام ٹاؤنز کے صدور، جنرل سیکرٹریز، کارکنان اور خواتین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ منہاج القرآن کے جملہ اصلاحی، فلاحی پروگرام اور منصوبہ جات انسانیت کی خدمت اور کردار سازی کے لیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آغوش آرفن کیئر ہوم ہو، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ہو، کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز ہو، منہاج یونیورسٹی ہو، منہاج گرلز کالج ہو یا منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے زیر اہتمام چلنے والے ملک بھر میں سینکڑوں سکولز ہوں ہر جگہ دنیاوی تعلیم کے ساتھ دینی تعلیم اور تربیت کا رنگ غالب ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے لیے، اپنے بچوں کیلئے، اپنے خاندان کیلئے سب جیتے ہیں اور محنت کرتے ہیں لیکن ایک مومن اور کامل ایمان والے مسلمان کی زندگی دوسروں کیلئے ہوتی ہے۔ دوسروں کیلئے جینا ہی اصل عبادت اور توشہ آخرت ہے۔ اجتماع کے اختتام پر ملک و سلامتی کیلئے دعا کروائی گئی۔ اس موقع پر سید ہدایت رسول شاہ کی بخشش اور درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعا کروائی گئی۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے تربیتی، تعلیمی مجلس میں شرکت کرنے پر تمام کارکنان، عہدیداران، خواتین، یوتھ لیگ، ایم ایس ایم کے طلباء کو مبارکباد دی۔ گلگت بلتستان سے آئے ہوئے درجنوں طلباء نے بھی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمدطاہرالقادری کا خطاب سنا۔ ثناء خوان مصطفی نے گلہائے عقیدت پیش کیے، علامہ غلام ربانی نے منظوم اظہار خیال کیا۔ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی سے علامہ رانا محمد ادریس نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top