منہاج القرآن لاہور کی ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس، حافظ غلام فرید نے صدارت کی

بڑھتی ہوئی مہنگائی پر تشویش کا اظہار، قیمتوں میں کمی کر کے عوام کو ریلیف دینے کا مطالبہ
ضلعی انتظامیہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف عملی کارروائیاں، فروٹ، سبزیوں کی مقرر کردہ نرخوں پر فروخت کو یقینی بنائے
تنظیمی نیٹ ورک کو مستحکم کیا جائے گا، فورمز کو مزید منظم اور متحرک کرنے کےلئے اہم فیصلے
ناظم لاہور اشتیاق حنیف مغل، حفیظ اللہ، ثناء اللہ خان، میاں محمد حنیف، میاں ممتاز و دیگر رہنماؤں کی شرکت

لاہور (3 فروری 2020ء) تحریک منہاج القرآن لاہور کی ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت صدر لاہور حافظ غلام فرید نے کی، اجلاس میں منہاج القرآن لاہور کے ضلعی عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں منہاج القرآن لاہور کی تنظیمی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، عہدیداران و کارکنان کو مستقبل کے اہداف دئیے گئے۔ اجلاس میں منہاج القرآن لاہور کے جملہ فورمز کو مزید منظم اور متحرک کرنے کےلئے اہم فیصلے کئے گئے۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ تنظیمی نیٹ ورک کو مربوط اور مستحکم کیا جائے۔ منہاج القرآن کا امن، تعلیم،بھائی چارے اور فلاح عامہ کا پیغام لاہور کے ہر گھر تک پہنچایا جائے گا تا کہ رفقاء و وابستگان میں اضافہ ہو سکے۔ اجلاس میں منہاج القرآن لاہور کے تحت فری ڈسپنسریز، سکولز اور مزید فلاحی ادارے قائم کرنے اور پہلے سے قائم شدہ اداروں کو مزید مستحکم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اجلاس میں منہاج موبائل ہسپتال و لیب کی انسانیت کےلئے خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اجلاس میں ناظم لاہور اشتیاق حنیف مغل، حفیظ اللہ، ثناء اللہ خان، میاں محمد حنیف، میاں ممتاز، اصغر ساجد، حاجی محمد اعجاز، ناصر سلطان و دیگر رہنما شریک تھے۔ اجلاس میں ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی کر کے عوام کو ریلیف دینے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ غلام فرید نے کہاکہ منہاج القرآن چار دہائیوں سے اصلاح احوال امت، احیائے دین، امن،علم اور بھائی چارے کے فروغ کےلئے ہر سطح پر سرگرم عمل ہے۔ منہاج القرآن کے ایک فلاحی معاشرے کے قیام کےلئے نظام کی تبدیلی کی جدوجہد کر رہی ہے۔ منہاج القرآن ملکی اور بین الاقوامی سطح پر فلاح انسانیت کی خدمت کر رہی ہے۔ دور حاضر میں تحریک منہاج القرآن انسانیت کی علمی پیاس بجھانے کا سامان کرر ہی ہے۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے تحریر و تقاریر کےلئے دینی، سیاسی اور سائنسی علوم کا ایک سمندر فراہم کر دیا ہے۔ حافظ غلام فرید نے بڑھتی ہوئی مہنگائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی پر قابو پانے کےلئے صوبائی و وفاقی حکومتوں کو فوری اقدامات کرنے ہونگے۔ مافیاز اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف عملی کارروائیاں کرنی ہو نگی۔ فوری طور پر ایسے اقدامات کرنا ہونگے جس سے مہنگائی میں کمی اور کھانے پینے کی اشیاء کی فراہمی یقینی ہوسکے۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ ضلعی انتظامیہ تھوک منڈیوں، فروٹ، سبزیوں کی قیمتیں مقرر کرے اور مقرر کردہ نرخوں پر فروخت کو یقینی بنائے، ناجائز منافع خوروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو کچھ ریلیف مل سکے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top