تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں سالگرہ تقریب
رپورٹ: ایم ایس پاکستانیتحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 56ویں سالگرہ کے سلسلہ میں 19 فروری 2007 کو دوسری تقریب منعقد ہوئی۔ یہ تقریب رات 9:00 بجے شروع ہوئی۔ ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی اور نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض کی زیرصدارت تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی سید یوسف رضا گیلانی مہمان خصوصی تھے۔
اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل انوار اختر ایڈووکیٹ، علامہ انوار المصطفیٰ ہمدمی، ناظم تنظیمات شاہد لطیف قادری، ناظم یوتھ افیئرز ساجد محمود بھٹی، پرنسپل سیکرٹری ٹو شیخ الاسلام جی ایم ملک، پروفیسر محمد نواز ظفر، مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی، صاحبزادہ محمد حسین آزاد، محمد بلال مصطفوی، چوہدری ظہیر عباس گجر اور تحریک منہاج القرآن کے دیگر مرکزی قائدین بھی موجود تھے۔ تلاوت و نعت کے بعد منہاج نعت کونسل نے شیخ الاسلام کے لئے خصوصی کلام، کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سٹڈیز کے حیدری برادران نے ذاتی نظم بھی پیش کی۔ یاد رہے کہ انوار المصطفیٰ ہمدمی کی بیرون ملک موجودگی کی وجہ سے ایک طویل عرصہ بعد کسی مرکزی پروگرام میں شرکت تھی۔ شیخ الاسلام کے لئے ان کے خصوصی کلام کو حاضرین نے بہت پسند کیا۔ تقریب سے ساجد محمود بھٹی، شاہد لطیف قادری، انوار اختر ایڈووکیٹ، محمد بلال مصطفوی، جی ایم ملک اور دیگر مرکزی قائدین نے خطاب کیا۔
نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ زاہد فیاض نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم نے
تحریک اور شیخ الاسلام کے لئے اپنا اوڑھنا بچھونا صرف اور صرف تحریک کو ہی بنا لیا
ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں آڈیو کیسٹ سے شیخ الاسلام کا خطاب سنکر تحریک منہاج القرآن
میں شامل ہوا۔ بیرون ملک ہونے کی وجہ سے کئی برسوں تک میں شیخ الاسلام سے ملاقات تک
نہ کر سکا لیکن آج تحریک منہاج القرآن اور قائد کی شخصیت ہی ہمارا سب کچھ ہے۔ انہوں
نے مزید کہا کہ آج ہم سب کو عظیم قائد اور ملت اسلامیہ کے رہنما کے لئے تجدید عہد
وفا کرنا ہو گی۔
ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ بدقسمتی سے ہم اس ملک کے باسی ہیں۔ جہاں زندہ شخصیات کو یاد کرنا اور خراج تحسین پیش کرنے کی کوئی روایت نہیں لیکن الحمدللہ تحریک منہاج القرآن نے اس نئی روایت کا آغاز کر دیا ہے۔ آج دنیا میں کہیں بھی اس قدر وسیع پیمانے پر کسی شخصیت کی سالگرہ نہیں منائی جاتی۔ یہ اعزاز صرف اور صرف تحریک منہاج القرآن اور اس کے کارکنان کو حاصل ہے۔ انہوں نےکہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری اونِ عالم کے قیام، جمہوری اقدار کی بحالی، تحمل برداشت والے معاشرے کا قیام اور عدل و انصاف پر مبنی عالمی ماحول اور دین اسلام کی سربلندی کے لئے جو کوششیں کر رہے ہیں ہمیں ان کا دست و بازو بننا ہو گا۔ یہ وہ پیغام ہے جو عالمگیر سطح پر انسانیت کی آواز ہے، اسے عام کرنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔
تقریب کے آخر میں سابق سپیکر قومی اسمبلی یوسف رضا گیلانی نےڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام دیانتدار، مخلص اور اصول پسند انسان ہیں۔ وہ عوام جمہوری اصولوں کی پاسداری اور ملکی خوشحالی کے لئے تو اسمبلی میں گئے اور اصولوں پر سمجھوتہ نہ کرتے ہوئے انہوں نے اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دیا۔ یہ صرف ان کی شان ہے۔ شیخ الاسلام وہ عالمگیر پیغام محبت ہے جس کو تحریک منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے دنیا بھر میں عام کرنے کی ضرورت ہے۔ آج اگر ایسی شخصیات کی قدر نہ کی گئی تو آنیوالا کل ہم کو بحیثیت قوم معاف نہیں کرے گا۔ تقریب کے اختتام پر سالگرہ کا خصوصی کیک کاٹا گیا جبکہ اختتامی دعا جی ایم ملک نے کروائی۔
تبصرہ