امت مسلمہ کو فرقہ واریت سے نقصان پہنچا: ڈاکٹر حسن محی الدین

علمائے کرام اتحاد امت کیلئے مرکزی کردار ادا کر سکتے ہیں، اوسلو میں خطاب
چیئرمین سپریم کونسل سے علمائے کرام، مذہبی سکالر، آئمہ مساجد نے ملاقات کی

لاہور (12 فروری 2020ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری سے گزشتہ روز ناروے، اوسلو میں تمام مسالک کے علمائے کرام، آئمہ مساجد، مذہبی سکالرز نے ملاقات کی، ملاقات کا اہتمام منہاج القرآن ناروے کی ایگزیکٹو کونسل کی طرف سے کیا گیا تھا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ امت مسلمہ کو فرقہ واریت نے ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، اتحاد امت کیلئے آج بھی علماء مرکزی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے تمام مسالک کے علمائے کرام کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونے پر مبارکباد دی، انہوں نے کہا کہ یہی اقدار اتحاد امت کیلئے خیر کا باعث بنیں گی۔ انہوں نے اس موقع پر قرآنک انسائیکلوپیڈیا، احادیث مبارکہ کے انسائیکلوپیڈیا، علوم القرآن، علوم الحدیث اور فرقہ واریت کے خاتمہ کیلئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علمی، تحقیقی کاوشوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری یورپ کے ایک ماہ کے تنظیمی دورے پر ہیں اور وہ اپنے اس تنظیمی دورہ کے دوران یورپی ممالک میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے نمائندہ افراد، علمائے کرام، مختلف شعبہ جات کے ماہرین اور منہاج القرآن انٹرنیشنل کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کررہے ہیں۔ چیئرمین سپریم کونسل نے کہا کہ اسلام رواداری، امن بقائے باہمی اور انسانی حقوق کے تحفظ کی تعلیمات دیتا ہے۔ یورپ میں مقیم نئی نسل کی تعلیم کے ساتھ اسلامی خطوط پر تربیت ایک بڑا چیلنج ہے، والدین، علمائے کرام، اساتذہ اس سے نبرد آزما ہونے پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کے اسلامک سنٹرزنئی نسل کی علمی، روحانی،اخلاقی تربیت کیلئے اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top