منہاج القرآن کے ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا عبدالحفیظ چودھری کیساتھ ڈکیتی کی واردات

نقاب پوش ڈاکو ان کی اہلیہ سے پرس چھین کر فرار ہو گئے، پرس میں نقدی اور سونے کی بالیاں تھیں
رزق حلال کمانے والے شہریوں کیساتھ اس طرح کی وارداتیں ناقابل قبول ہیں: نوراللہ صدیقی

لاہور(12 فروری 2020ء) تحریک منہاج القرآن کے ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا عبدالحفیظ چودھری کو ان کی اہلیہ کے ہمراہ گزشتہ روز موٹر سائیکل سوار نقاب پوش ڈاکوؤں نے لوٹ لیا، ڈاکونقدی، سونے کی بالیاں اور موبائل چھین کر فرار ہو گئے۔ موقع پر موجود وارڈن نے ڈاکوؤں کو پکڑنے کی کوشش کی مگر وہ فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، واردات کی رپورٹ تھانہ مغلپورہ میں درج کروا دی گئی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق موٹر سائیکل سوار نقاب پوش ڈاکوؤں کو سیف سٹی کے کیمروں کے ذریعے شناخت کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ عبدالحفیظ چودھری اپنی اہلیہ کو جناح ہسپتال سے چیک اپ کروانے کے بعد انہیں گھر چھوڑنے جارہے تھے کہ کینال روڈ بیجنگ انڈر پاس کے قریب ان سے واردات ہو گئی۔ پاکستان عوامی تحریک اور منہاج القرآن کے رہنماؤں نے واقعہ پر افسوس کا اظہار اور ڈاکوؤں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے کہا کہ واردات دن دہاڑے مصروف ترین شاہراہ پر پیش آئی جو لاء اینڈ آرڈر پر سوالیہ نشان ہے، سٹریٹ کرائم اور روڈ ڈکیتیوں میں اضافہ ہورہا ہے۔ عوام کے جان، مال کا تحفظ کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، روڈ ڈکیتیوں اور سٹریٹ کرائم کی روک تھام کیلئے ڈولفن فورس بھی قائم کی گئی لیکن وارداتیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عبدالحفیظ چودھری اور ان کی اہلیہ کیساتھ پیش آنے والے ڈکیتی کے واقعہ میں ملوث ڈاکوؤں کو گرفتار کیا جائے اور لوٹا گیا مال ریکور کیا جائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب واقعہ کا خود نوٹس لیں اور اس کی رپورٹ طلب کریں۔ رزق حلال کمانے والے شہریوں کیساتھ اس طرح کی وارداتیں ناقابل قبول ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top