تعلیم ترقی کا پہلا زینہ ہے: ڈاکٹرحسن محی الدین قادری

مورخہ: 09 مارچ 2020ء

چیئرمین سپریم کونسل کا رہنماؤں کے ہمراہ منہاج ایجوکیشنل کمپلیکس ملتان کا دورہ
مقتول راؤ فرحان کے اہل خانہ سے تعزیت کے لیے رہائش گاہ پر گئے

لاہور/ ملتان (9 مارچ 2020ء) چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین القادری نے گزشتہ روز ملتان میں منہاج القرآن کے تعلیمی، اصلاحی پراجیکٹ منہاج ایجوکیشنل کمپلیکس ملتان کا دورہ کیا اورتعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تعلیم ترقی کا پہلا زینہ ہے، منہاج القرآن تعلیم و تربیت کے مراکز قائم کررہی ہے، انسانیت کی خدمت ہی سب سے بڑی عبادت ہے، اس موقع پر ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپوربھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈاکٹر حسن محی الدین القادری نے کہا ہے کہ اقوام عالم میں وہی قومیں معتبر ہیں جنہوں نے جدید علوم کی درس و تدریس کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنایا۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن نے ملک کے طول و عرض میں منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے تحت 700 سکول قائم کیے، کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز اور درجنوں کالجز لاکھوں نوجوانوں کو معیاری تعلیم مہیا کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ منہاج یونیورسٹی دور افتادہ علاقہ جات کے طلباء و طالبات کی معیاری تعلیم کا ایک اہم ذریعہ بن چکی ہے۔ کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے ذریعے دین اور دنیا کی تعلیم کو ایک جگہ یکجا کر دیا گیا ہے۔

اس موقع پر صوبائی صدر علماء کونسل علامہ سعیداحمد فاروقی، صوبائی رہنما ڈاکٹر زبیراے خان، راؤ عارف رضوی، قاضی فیض الاسلام، اورنگ زیب خان، ضلعی سرپرست مخدوم شہباز ہاشمی، ضلعی صدر یاسر ارشاد دیوان، ضلعی ناظم زمان خان اعوان، ضلعی صدر عوامی تحریک میجراقبال چغتائی، رکن الدین ندیم حامدی، احمد کاظمی، احسان سعیدی، علامہ امیر اظہر سعیدی، چوہدری جاوید بندیشہ، انجینئر جواد صادق، احمد قریشی، مصباح اسحاق، خالد محمود، سجاد نقشبندی، قاری معین الدین مدنی، سید حسنین شاہ، بلال نون، محمد رفیق نورانی، محمد ارشد چشتی، اوردیگر موجود تھے۔

دریں اثناء منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے رہنما مقتول راؤ فرحان کے گھر گئے اور اظہار تعزیت کیا، راؤ فرحان پر کچھ شر پسند عناصر نے مسلح حملہ کیا جس میں وہ شدید زخمی ہوگئے تھے اور بعدازاں جانبر نہ ہوسکے، ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ منہاج القرآن کی فکر رکھنے والا کوئی شخص انتہا پسند نہیں ہو سکتا، راؤ فرحان کے قاتلوں کو عبرتناک سزا کا مطالبہ کرتے ہیں۔ انہوں نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی طرف سے اہل خانہ سے تعزیت کی اور راؤ فرحان کی بخشش اور درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ اس موقع پر ایم ایس ایم کے مرکزی صدر عرفان یوسف، افضال بھٹی، شہزاد ڈوگر، وقاص قاسمی، فواد خان، چودھری محسن، طارق ڈوگر، نعمان گجر بھی موجود تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top