علم و ادب کانفرنس 15 مارچ کو ہو گی، انتظامات مکمل

مورخہ: 12 مارچ 2020ء

منہاج یونیورسٹی اردو زبان کی ترقی کیلئے قومی کردار ادا کررہی ہے
انسانی تہذیب وترقی کا دارومدار زبان و ادب پر ہے: ڈاکٹر مختار عزمی

لاہور(12 مارچ 2020ء) منہاج یونیورسٹی لاہور کے زیر اہتمام علم و ادب کانفرنس کے انتظامات مکمل کر لیے گئے۔ کانفرنس 15 مارچ کو ہو گی۔ کانفرنس کے انتظامی امور کے سربراہ ڈاکٹر مختار عزمی نے کہا کہ ایک عظیم الشان قومی مشاعرہ بھی کانفرنس کے پروگرام کا حصہ ہے، قومی مشاعرہ میں ڈاکٹر خورشید رضوی، ایوب خاور، سلمان گیلانی، زاہد فخری و دیگر نامور شعراء اپنا کلام پیش کرینگے۔ انہوں نے گزشتہ روز خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زبان و ادب کسی بھی معاشرے کے لیے ذریعہ تعلیم و تربیت ہے۔ دونوں مل کر معاشرتی، سیاسی اور ثقافتی استحکام پیدا کرتے ہیں اور امن و ترقی کے ضامن بنتے ہیں۔ علم و ادب فرد اور قوم کو نہ صرف ماضی اور حال سے جوڑتے ہیں بلکہ مستقبل کی صورت گری بھی کرتے ہیں۔ منہاج یونیورسٹی علم و ادب کانفرنس کے ذریعے اردو زبان کی ترقی، ترویج و اشاعت کے ساتھ ساتھ اتحاد و یکجہتی کا پیغام بھی عام کررہی ہے۔

ڈاکٹر مختار عزمی کا مزید کہنا تھا کہ زبان و ادب ہی وہ راستہ ہے جس کے ذریعے انسانی علوم عالمگیر قدروں سے روشناس ہوتے ہیں۔ انسانی تہذیب اور ترقی کا تمام تر دارومدار زبان و ادب پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے الفاظ، ہمارے اشارے، اور علامات زبان و ادب کو جلا بخشتے ہیں۔ شہروں کی طرف آبادی کے بہاؤ اور ملکوں ملکوں ہجرت کے عمل نے بعض زبانوں کی استعماریت کو تقویت دی ہے تو بہت ساری مقامی اور علاقائی زبانیں بے رحمی سے نظر انداز بھی ہورہی ہیں۔ زبان و ادب کی تحقیق میں قومی زاویوں کی تلاش جامعات پر واجب ہے ورنہ معدومیت کا خطرہ ہے۔ اس حوالے سے آئین پاکستان اور عدالتِ عظمیٰ پاکستان کے فیصلے کی تعظیم واجب ہے۔ تخلیقی تجربات میں محض کمرشل ازم سے قدریں دم توڑرہی ہیں اور ہرشے برائے فروخت بنا دی گئی ہے۔ سائنس اور ٹیکنالوجی کے وفود نے زبان و ادب کو بھی شدید طور پر متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج یونیورسٹی لاہور اردو زبان کی حفاظت، بقاء اور ترقی کیلئے اپنا بھرپور قومی کردار ادا کرے گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top