خواتین گھر کو جراثیم کش ادویات سے بار بار صاف کریں: فرح ناز

مورخہ: 17 مارچ 2020ء

مائیں بچوں میں صابن سے ہاتھ دھونے کی عادت کو پختہ کریں
سرجیکل ماسک استعمال کریں، ضروری ہے کہ ہر فرد احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرے
کرونا سے بچاؤ کےلئے متحد اور ایک قوم ہو کر مقابلہ کرنا پڑے گا: صدر منہاج القرآن ویمن لیگ

لاہور (17 مارچ 2020ء) منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے کہا ہے کہ کرونا وائرس ایک بھیانک وبا ہے اس کے رد کےلئے اللہ کریم سے مدد طلب کریں۔ خواتین اپنے اہل خانہ کی صحت اور خوراک بارے اگرچہ احتیاطی تدابیر کا بہت زیادہ خیال رکھتی ہیں لیکن ماؤں، بہنوں، بیٹیوں کو خود کی دیکھ بھال سے بھی غافل نہیں رہنا چاہیے۔ خواتین پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ نہ صرف اپنا خیال رکھیں بلکہ اپنے گھر والوں کی بھی انتہائی نگہداشت کریں۔ کرونا وائرس کی وجہ سے سکولز، کالجز، یونیورسٹیز بند ہو چکی ہیں اور بچے گھروں میں مقید ہو چکے ہیں، تفریحی مقامات پر بھی داخلہ ممنوع ہے اس لئے بچے زیادہ وقت گلی محلے میں کھیل کود کر گزاریں گے۔ ماؤں کی ذمہ داری ہے کہ وہ بچوں کی دیکھ بھال میں زیادہ احتیاط کریں۔

انہوں نے کہاکہ کرونا سے بچاؤ کےلئے متحد اور ایک قوم ہو کر مقابلہ کرنا پڑے گا۔ ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈال کر اپنے آپ کو بری الزمہ مت سمجھیں بلکہ ہر فرد اپنی اخلاقی، مذہبی، معاشرتی ذمہ داری کو بھرپور طریقے سے نبھائے، مل کر اس قدرتی آزمائش سے نکلنے کا سد باب کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں بچوں کی ایک کثیر تعداد متوازن غذا کی کمی کا شکار ہے، خدشہ ہے کہ خدانخواستہ بچے کسی بڑی بیماری میں مبتلا نہ ہو جائیں، مائیں بچوں میں صابن سے ہاتھ دھونے کی عادت کو پختہ کریں۔ انہوں نے کہاکہ کرونا وائرس کی وجہ سے شہر کے شہر لاک ڈاؤن کئے جا رہے ہیں، وائرس روز بروز پھیلتا ہی جا رہا ہے۔ امیر، غریب، مقتدر اور بے اختیار سب ہی اس کی زد میں آ رہے ہیں۔ ضروری ہے کہ ہر فرد احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرے۔

فرح ناز کا مزید کہنا تھا کہ ترقی یافتہ ممالک جو اس مرض کی نوعیت سے بخوبی آگاہ ہیں ان ممالک میں بھی متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، ان حالات میں ترقی پذیر ممالک کو زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے جو مرض بارے زیادہ آگاہی بھی نہیں رکھتے۔ فرح ناز نے کہاکہ افواہوں پر دھیان نہ دیں اور گھر کو جراثیم کش ادویات سے بار بار صاف کریں۔ سرجیکل ماسک استعمال کریں، وائرس کی کوئی ویکسنیشن نہیں، مل کر اسکا خاتمہ کرنا ہو گا۔ کھانستے اور چھینکتے وقت منہ کو ٹشو پیپر یا کپڑے سے ڈھانپ کر رکھیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top