ذخیرہ اندوز عبرتناک سزاؤں کے مستحق ہیں: ڈاکٹر حسین محی الدین قادری

مورخہ: 18 مارچ 2020ء

وزیراعظم ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کریں
حضور نبی اکرم ﷺ کا سچا پیروکار ذخیرہ اندوز نہیں ہو سکتا: صدر منہاج القرآن

لاہور (18 مارچ 2020ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ کا سچا پیروکار ذخیرہ اندوز نہیں ہو سکتا، ذخیراندوز عبرتناک سزاؤں کے مستحق ہیں، وزیراعظم ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ حضور نبی اکرم ﷺ نے فرمایا جو کوئی بھی ذخیرہ اندوزی کرتا ہے وہ گناہ گار ہے اور اس کا انجام ہلاکت ہے، انہوں نے منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ناجائز منافع خور سوساءٹی کی انسانی، اخلاقی، سماجی اقدار پر حملہ آور ہوتا ہے اور دوسروں کا حق مارتا ہے، ایسے افراد خواہ وہ تاجر ہیں، دکاندار ہیں، صنعتکار ہیں یا مل مالکان ہیں وہ قابل گردن زدنی ہیں، انہوں نے کہا کہ کتنے دکھ کی بات ہے کہ اس وقت پاکستان کے عوام کورونا وائرس کی وجہ سے کرب سے دو چار ہیں وہ حفاظتی اقدامات کے پیش نظرمیڈی کیٹڈ فیس ماسک اور سینیٹائزر لوشن خریدنا چاہتے ہیں لیکن ناجائز منافع خوروں نے اس کی قیمتیں کئی سو گنا بڑھا کر یہ اشیاء مارکیٹ سے غائب کر دی ہیں، ایسے تمام عناصر ملکی قوانین کے تحت بھی سزا کے مستحق ہیں اور اس کے رسول ﷺ کے بھی مجرم ہیں۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ اس وقت انسانیت سسک رہی ہے، یہ وقت ایک قوم بن کر وباء سے لڑنے کا ہے، اس نازک ترین صورتحال پر بھی دنیا جمع کرنے والے بدترین لوگ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم تاجر دیگر مذاہب کے تاجروں سے اخلاقی اعتبار سے مختلف ہیں، دنیا بھر کے تاجر محض منافع کے لیے کاروبار کرتے ہیں جبکہ مسلم تاجر دینی تعلیمات کے مطابق غربت کے خاتمے، اچھائی کے فروغ اور دوسروں کے لیے آسانیاں اور راحت پیدا کرنے کے لیے کاروبار کرتے ہیں، اس سوچ کے ساتھ کاروبار کرنے والوں کیساتھ اللہ کی نعمتیں اور برکتیں شامل ہو جاتی ہیں اور یہی اس دنیا میں بھی اور آخرت میں بھی کامیاب لوگ ہیں۔

دریں اثناء کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کیلئے منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ کے 50 فیصد کلیریکل سٹاف کو چھٹیاں دے دی گئی ہیں اور تمام چھوٹے، بڑے اجلاس منسوخ کر دئیے گئے ہیں، قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ہدایات کے مطابق دوسرے شہروں سے تنظیمی امور کے سلسلے میں مرکزی سیکرٹریٹ آنے والے ذمہ داروں کو بھی عارضی مدت کیلئے سفر کرنے سے روک دیا گیا ہے۔ منہاج یونیورسٹی لاہور میں بھی ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق طلباء اور سٹاف کو چھٹیاں دے دی گئی ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top