احتیاط اور علاج سنت رسولﷺ ہے: عین الحق بغدادی

مورخہ: 20 مارچ 2020ء

علمائے کرام اپنے خطابات میں کرونا وائرس سے متعلق شعور اجاگر کریں

لاہور (20 مارچ 2020ء) تحریک منہاج القرآن کے مرکزی رہنما معروف سکالر پروفیسر عین الحق بغدادی نے کہا ہے کہ دین اسلام زندگی کے ہر معاملے میں رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ کرونا وائرس عالمی وبا بن چکا ہے۔ دین اسلام جہاں اللہ کریم پر توکل کی تعلیم دیتا ہے وہاں احتیاط اور علاج کا حکم بھی دیتا ہے۔ احتیاط اور علاج سنت رسولﷺ ہے۔ انہوں نے جامع المنہاج میں نماز جمعہ کے دوران خطبہ دیتے ہوئے کہا کہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنا درست اقدام ہے۔ اسلام جہاں پاکیزگی، صفائی، طہارت حاصل کرنے کے لیے باوضو رہنے کا حکم دیتا ہے وہاں دین اسلام کا یہ حکم بھی ہے کہ ذخیرہ اندوزی نہ کی جائے، کسی کی مجبوری سے ناجائز فائدہ نہ اٹھایا جائے۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتیں نہ بڑھائی جائیں۔ متعدی وبا کے لیے حفاظتی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں۔ عین الحق بغدادی نے کہا کہ توکل کی حقیقت یہ ہے کہ اسباب کو اختیار کیا جائے۔ حضور نبی اکرم ﷺ کا فرمان ہے کہ بیمار کو تندرست سے الگ رکھا جائے۔ حضور نبی اکرم نے ایک موقع پر فرمایا کہ جزام کے مریض سے بچو جیسے تم شیر سے بچتے ہو۔ علاج اور حفاظتی اقدامات کرنا سنت نبوی ﷺہے۔ موجودہ حالات میں قوم کو متحد ہونا چاہیے۔ علماء کرام مشکل وقت میں لوگوں کی رہنمائی کریں۔اس وقت صحت کے عالمی اور سرکاری ادارے جو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا کہہ رہے ہیں ان پر عملدرآمد کیا جائے۔ علمائے کرام اپنے خطابات میں وائرس سے متعلق شعور پیدا کریں۔ عوام حکومتی اقدامات پر عمل کریں۔ لوگوں کو بھی ذمہ داریوں کا مظاہرہ کرنا ہو گا، خود بھی احتیاطی تدابیر اختیار کریں، دوسروں کو بھی اس پر عمل کرنے کی ہدایت دیں۔ آگاہی،ذمہ داری اور احتیاط اس عالمی وبا کے خلاف جنگ میں انسانوں کو بہترین ہتھیار ہے۔ مادی وسائل سے قطع نظر ذمہ داری اور احتیاط کا مظاہرہ کر کے اس خطرے پر قابو پانے میں مدد مل سکتی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top