نعمتوں کی ناشکری کرنے والا اللہ کی گرفت میں آتا ہے: ڈاکٹر حسین محی الدین
تاجر ذخیرہ اندوزی کر کے اللہ کے غضب کو دعوت نہ دیں: صدر منہاج القرآن
مسلمان تاجر پر لازم ہے وہ قرآن و سنت کی حدود کے اندر کاروبار کرے
لاہور (28 مارچ 2020) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہ اچھی صحت، مالی آسودگی اور رزق حلال پر اللہ کا شکر ادا کرنے والوں پر اللہ کی رحمتوں اور نعمتوں کا نزول رہتا ہے، ناشکری کرنے والے اللہ کی گرفت میں آتے ہیں، ذخیرہ اندوز کورونا وائرس کی وباء کے دوران خریداروں کو لوٹنے کے منصوبے بنانے کی بجائے اپنے گوداموں کے دروازے جائز منافع کے ساتھ کھول دیں، اس سے اللہ بھی راضی ہو گا اور رزق میں برکت آئے گی۔
انہوں نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اور عوامی تاجر اتحاد کے رہنماؤں سے آڈیو لنک پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان کی زندگی کا ہر لمحہ قرآن و سنت کے تابع ہونا چاہیے، ایک مسلمان تاجر کی حیثیت سے اسلامی، تجارتی حدود و قیود سے باہر نہیں جا سکتا، ناجائز منافع خور اپنی زندگیوں پر نگاہ ڈالیں اور سوچیں ان کے گھر میں کون سی بیماری آئی تھی یا کون سی ایسی مشکل آئی تھی جس پر ان کی کمائی کا ایک بڑا حصہ صرف ہو گیا، اللہ تعالیٰ رزق حلال کمانے والوں کو ناگہانی بیماریوں اور آفات سے بچا کر بھی ان کے رزق کی حفاظت کرتا ہے، انہوں نے کہا کہ اسلامی ملک پاکستان میں جب یہ خبریں پڑھتے ہیں کہ فلاح پھل، سبزی، دوائی یا اشیائے ضرویہ اچانک مارکیٹ سے غائب ہو گئیں تو اس پر دل دکھتا ہے، آفات اور بحرانوں کے دوران انسانیت کی خدمت کے جذبے کے ساتھ کاروبار کرنا چاہیے، انہوں نے کہا کہ جتنے بھی تاجر دکاندار او ربڑے سٹاکسٹ وہ اللہ سے معافی مانگیں اور ذخیرہ اندوزی سے ہمیشہ کیلئے تائب ہو جائیں۔
تبصرہ