متاثرہ افراد کے حوالے سے خوف نہ پھیلایا جائے: ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 30 مارچ 2020ء

قوم اتحاد، صبر اور بردباری سے اس وباء کا مقابلہ کرے، قائد منہاج القرآن
مخلوق خدا کیلئے آسانیاں پیدا کرنے سے اللہ راضی ہو گا
منہاج القرآن کے جملہ فورمز کو آن لائن اصلاحی پروگرام ترتیب دینے کی ہدایت

Dr Tahir ul Qadri

لاہور (30 مارچ 2020) قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ متاثرہ افراد کے حوالے سے خوف و ہراس نہ پھیلایا جائے، وہ بہترین نگہداشت، توجہ اور ہمدردی کے مستحق ہیں، کورونا وائرس ایک عالمی وباء ہے، اتحاد، صبر اور بردباری سے اس کا مقابلہ کرنا ہو گا، ڈاکٹر اسامہ جیسے سپوت قوم کے ہیرو ہیں، کوئی بیماری اور کوئی چیلنج پاکستان کے باہمت عوام کے حوصلے کمزور نہیں کر سکتا، حکومت زیادہ سے زیادہ افراد کو ٹیسٹ کی سہولیات مہیا کرے، احتیاطی تدابیر کے حوالے سے ہر گز کوتاہی نہ کی جائے۔

انہوں نے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ ناجائز منافع خوری ترک کر کے مخلوق خدا کی مدد کی جائے اور اس عمل سے اللہ کو راضی کیا جائے، نماز پنجگانہ فرض بھی ہیں اور بہترین دعا بھی، نماز کسی بھی حالت میں ترک نہیں ہونی چاہیے، نمازوں کے ذریعے اللہ سے رحم کی درخواست کی جائے، وہ غفور الرحیم ہے، دعاؤں کو رد نہیں کرتا، ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ مخیر حضرات عزت نفس کا خیال رکھتے ہوئے مستحقین کی مدد کریں، اللہ کو راضی کرنا ہے تو مخلوق خدا کیلئے آسانیاں پیدا کی جائیں۔ انہوں نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے پاکستان بھر کے رضا کاروں سے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں دکھی انسانیت کی خدمت میں پیش پیش رہیں، مخیر حضرات سے ملکر مزدوروں، ناداروں کیلئے راشن کا بندوبست کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ طالب علم فرصت کے ان لمحات میں اپنی تدریسی کتب کا مطالعہ کریں، یونیورسٹیز اور کالجز کی طرف سے آن لائن کلاسز کا انعقاد خوش آئند ہے، ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج یونیورسٹی لاہور اور منہاج گرلز کالج فار ویمن کی طرف سے آن لائن کلاسز کے اجراء اور کامیاب تجربے پر یونیورسٹی اور کالج انتظامیہ کو مبارکباد دی۔ انہوں نے منہاج القرآن ویمن لیگ، منہاج یوتھ لیگ، نظامت دعوت و تربیت اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے ذمہ داران کو بھی کہا کہ وہ آن لائن دعوتی، اصلاحی پروگرام ڈیزائن کریں اور اصلاح احوال اور اصلاح معاشرہ کے عظیم مشن کو نئے انداز کیساتھ جاری رکھیں، انٹرنیٹ، جدید ابلاغی ٹولز اور ڈیوائسز کا بہترین استعمال بروئے کار لائیں۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top