لاک ڈاؤن کے دوران 8 کروڑ مالیت کا راشن تقسیم کیا: خرم نواز گنڈاپور

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے مزید 2 ہزار خاندانوں میں راشن تقسیم کیا گیا
جب تک وباء کے اثرات ہیں مستحقین کی مدد کرتے رہیں گے: سید امجد علی شاہ

لاہور (11 اپریل 2020ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ 20 روزہ لاک ڈاؤن کے دوران منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے ملک بھر میں 8 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا اشیائے خورونوش کا سامان تقسیم کیا جا چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے ٹاؤن شپ میں ایک ہزار خاندانوں میں راشن تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن پاکستان کے ڈائریکٹر سید امجد علی شاہ نے بتایا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے مجموعی طور پر 2 ہزار خاندانوں میں ایک یوم کے اندر راشن تقسیم کیا گیا ہے۔ ایک ہزار مستحقین کو ویلفیئر کے ہیڈ کواٹر ٹاؤن شپ اور دیگر کو مختلف علاقوں میں راشن دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ویلفیئر کے رضاکار پسماندہ علاقوں میں مستحقین کا گھر گھر جا کر ڈیٹا جمع کرتے ہیں اور پھر انہیں ٹوکن دئیے جاتے ہیں مستحقین ٹوکن دکھا کر مرکزی دفتر سے راشن وصول کر لیتے ہیں۔ ہماری پہلی ترجیح مستحقین تک راشن پہنچانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس فوڈ پروگرام کے حوالے سے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن یوکے کی مدد بھی حاصل ہے۔

منہاج یونیورسٹی لاہور کے وائس چانسلر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد، نور اللہ صدیقی، جواد حامد، شاہد لطیف، قاری ریاست چدھڑ، خرم شہزاد و دیگر رہنما موجود تھے۔

ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی ہدایت پر منہاج القرآن اور اسکے جملہ ذیلی فورمز اور تعلیمی ادارے اپنا انسانی، فلاحی کردار ادا کر رہے ہیں۔ انسانیت مشکل میں ہے، ہر جسم کی تکلیف کو اپنے جسم میں محسوس کرنے کا نام اسلام ہے۔

سید امجد علی شاہ نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری روزانہ کی بنیاد منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے فوڈ سپورٹ پروگرام کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اپنی مدد آپ کے تحت ملک بھر میں مستحقین کی مدد کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام 2 لاکھ سے زائد خاندانوں میں راشن اور پکا پکایا کھانا تقسیم کیا جا چکا ہے۔ گزشتہ روز منہاج یونیورسٹی لاہور کی طرف سے راولپنڈی اور اسلام آباد میں 1 ہزار مستحقین میں پکا ہوا کھانا تقسیم کیا گیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top