حکومت کرونا وائرس سے متعلق پالیسی کا از سر نو جائزہ لے: ڈاکٹر طاہرالقادری

انسانی جان کے تحفظ کےلئے اللہ نے فرائض کی انجام دہی میں رعائت دی ہے
رمضان المبارک میں علمائے کرام آن لائن دوروس قرآن و حدیث کا سلسلہ شروع کریں
وائرس سے پاک چھوٹے شہروں میں تجرباتی طور پر معاشی سرگرمیوں کی اجازت دینے میں حرج نہیں

لاہور (15 اپریل 2020) قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ انسانی جان کے تحفظ کےلئے اللہ نے فراءض کی ادائیگی میں بھی رعایت دی ہے۔ جان بچانا افضل ترین عمل ہے۔ کورونا وائرس کے متاثرین میں سے 25 فی صد افراد ایسے بھی ہوتے ہیں جن میں وائرس تو ہوتا ہے مگر علامات ظاہر نہیں ہوتیں۔ حکومت کرونا وائرس سے متعلق اپنی پوری پالیسی کا از سر نو جائزہ لے۔ بیروزگاری کا طوفان سر اٹھا رہا ہے اس کےلئے جامع حکمت عملی بنانا بڑا چیلنج ہے۔ جن چھوٹے شہروں میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی شکایات نہیں ہیں وہاں تجرباتی طور پر معاشی سرگرمیوں کی اجازت دینے پر غور کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ علمائے کرام انسانی جان کے تحفظ کو فوقیت دیں، مساجد میں باجماعت نمازوں کی ادائیگی کے متعلق دلائل کسی مکتب فکر کا مسئلہ نہیں یہ قرآن و سنت کی تعلیمات کا معاملہ ہے اور اسلام میں انسانی جان کی حفاظت کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وباء کے دوران نمازوں، نماز جمعہ سمیت جملہ عبادات گھروں میں کرنے کی اجازت ہے اور اس حوالے سے حضور نبی اکرم ﷺ کی احادیث مبارکہ موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین سے بڑھ کر دنیا کی کوئی مسجد افضل نہیں جہاں ایک نماز کا ثواب ایک لاکھ نمازوں کے برابر ہے اگر وہاں وباء کی وجہ سے عارضی طور پر باجماعت نمازیں معطل ہو سکتی ہیں تو دیگر مساجد میں کیوں نہیں، جب تک کرونا وائرس کی وبا موجود ہے علمائے کرام آن لائن دوروس قرآن و حدیث کا سلسلہ شروع کریں۔ وباء کے دوران لوگوں کو اجتماع کی طرف راغب کرنے سے حضور نبی اکرم ﷺ کے فرامین کی خلاف ورزی ہو گی۔ وباء کے عرصہ میں آپ ﷺ نے فرمایا ایک نیزے کا فاصلہ رکھیں اور وباء والے شہر یا علاقے میں کوئی نہ جائے اور نہ ہی متاثرہ علاقہ سے کوئی باہر نکلے۔ کرونا وائرس سے بچنے کےلئے تمام احتیاطیں ضروری ہیں لیکن لاک ڈاؤن کی وجہ سے جو مزدور اور دیگر افراد کروڑوں کی تعداد میں بے روزگار ہو گئے انکے معاشی تحفظ کےلئے بھی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top