حضور ﷺ نے فرمایا جس نے فاطمہ کو ناراض کیا اس نے مجھے ناراض کیا: ڈاکٹر طاہرالقادری
قائد تحریک منہاج القرآن کی سیدہ کائنات کے یوم وصال پر گفتگو
لاہور (26 اپریل 2020) قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے سیدہ کائنات خاتون جنت سیدہ فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیہا کے یوم وصال کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیدہ کائنات حضور نبی اکرم ﷺ کی محبوب بیٹی تھیں آپ ﷺنے فرمایا ’’فاطمہ سلام اللہ علیہا میرے جگر کا ٹکڑا ہے جس نے فاطمہ کو ناراض کیا اس نے مجھے ناراض کیا‘‘۔ انہوں نے کہا کہ سیدہ کائنات سلام اللہ علیہا ہر موقع پر حضور اکرم ﷺ کے ساتھ رہیں۔ سیدہ کائنات سلام اللہ علیہا نے اپنے شوہر حضرت علی علیہ السلام کے ساتھ مل کر ہر سختی اور تنگی کو خوش دلی سے برداشت کیا۔ خاتون جنت نے حضرت امام حسن علیہ السلام، حضرت امام حسین علیہ السلام اور سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کی ایسی مثالی تربیت فرمائی کہ ان نفوس قدسیہ نے پوری انسانیت کو عزت و وقار کے ساتھ زندہ رہنے کے آداب سکھائے۔ سیدہ کائنات سلام اللہ علیہا کو آپ ﷺ نے جنتی عورتوں کی سردار قرار دیا۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ سیدہ فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیہا وہ عظیم ہستی ہیں جن کے پاکیزہ وجود کو مثال بنا کر دین اسلام نے عورت کی عظمت کو بیان کیا ہے۔ سیدہ کائنات سلام اللہ علیہا عورت کو دیئے گئے مقام و احترام کا منبع ہیں۔ آج کی عورت اگر عزت و احترام چاہتی ہے تو سیدۃالنساء کی مقدس سیرت کی پیروی کرے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کی ہر عورت سیدہ فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیہا کے در اقدس سے سیرت و کردار اور عفت و حیا کی خیرات لے۔ سیدہ کائنات کی ذات مبارکہ حسن سیرت اور حسن بصیرت کا مرقع ہے۔ حضور ﷺ سے نسبت رکھنے والی ہستیوں کا ذکر کثیر خیر و برکت کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیدہ کائنات کی شخصیت انسانیت کیلئے عظمت کا مینارہ نور ہے۔ تعلیمات زہراء پر عمل کرنے میں ہی آج کی عورت کیلئے عظمت ہے۔ امت مسلمہ کی خواتین کو سیدہ بتول سلام اللہ علیہا کی صفات میں ڈھل کر انکے کردار کا مظہر بننا ہو گا۔ آج سیدہ کائنات کے اسوہ پر عمل کرنیوالی بہنوں اور بیٹیوں کی ضرورت ہے۔ آنیوالی نسلوں کو مقام زہراء سلام اللہ علیہا کے آداب سکھانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
تبصرہ